وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل کی ملاقات،دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:53

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈیوڈ ہیل نے ہفتہ کو یہاں وزارت خزانہ میں ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اور امریکی سفیر نے دوطرفہ دلچسپی کے امور بالخصوص تجارتی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر خزانہ نے نئے امریکی صدر کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان دوطرفہ سٹریٹجک اور معیشت پر مبنی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کیلئے نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کی منتظر ہے۔

امریکی سفیر ڈیوڈ ہیل نے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور پاکستان کو ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافہ کیلئے بے پناہ صلاحیتیں اور مواقع موجود ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت پاکستان میکرو اکنامک استحکام کے حصول کے بعد بلند، پائیدار اور شراکتی اقتصادی ترقی کے حصول پر توجہ مرکوز کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے غیر ملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی۔

انہوں نے امریکی سفیر پر زور دیا کہ وہ امریکی سرمایہ کاروں پر زور دیں کہ وہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے استفادہ کرے۔ ملاقات کے دوران وزارت خزانہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :