جماعت اسلامی سندھ کاسندھ میں شفاف ،غیرجانبدار، بروقت اور فوج کی نگرانی میں مردم شماری کرانے کا مطالبہ

پیپلزپارٹی قیادت صوبائی مشیر اطلاعات کے بیان کا سختی سے نوٹس لے، لسانی تقسیم صوبہ کیلئے انتہائی خطرناک ہوگی،ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے سندھ میں شفاف ،غیرجانبدار، بروقت اور فوج کی نگرانی میں مردم شماری کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی قیادت کو اس حوالے سے صوبائی مشیر اطلاعات کے بیان کا سختی سے نوٹس لینا چاہئے، لسانی تقسیم صوبہ کیلئے انتہائی خطرناک ہوگی، حکمرانوں کو تمام اکائیوں کو ساتھ لیکر صوبہ کی تعمیر وترقی کیلئے کردار ادا کرنا چاہئے، جماعت اسلامی صاف وشفاف مردم شماری کیلئے ضلع، تحصیل اور مقامی سطح پر کمیٹیاں بناکر عوامی آگاہی سمیت اس حوالے سے بھرپور جائزہ لے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء ا ٓڈیٹوریم میں منعقدہ جماعت اسلامی سندھ کی مجلس شوریٰ کے پہلے روز افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر صوبائی نائب امراء محمد حسین محنتی، حافظ نصراللہ عزیز، عبدالغفار عمر،قیم صوبہ ممتاز حسین سہتو، نائب قیمین عبدالحفیظ بجارانی، نواب مجاہد لغاری، عبدالوحید قریشی، عظیم بلوچ، سیکریٹری اطلاعا ت مجاہد چنا ودیگر موجود تھے۔

ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کسی خفیہ یا سازش کے نہیں بلکہ جمہوری، عوامی اور پرامن طریقے سے معاشرے کے اندر تبدیلی چاہتی ہے۔ سندھ کے حکمرانوں نے سندھ کے عوام کو بھلا دیا ہے،لوگوں کو زندہ رہنے کیلئے صحت وتعلیم سمیت بنیادی سہولتیں ملنی چاہیں اور عام آدمی کا معیار زندگی میں تبدیلی آنی چاہئے۔مگر مٹھی بھر حکمران ٹولہ تمام وسائل کو اپنی جیبوں میں بھرنے میں مصروف ہے۔

ظلم وناانصافی کی چکی میں پسنے والے عوام کی تقدیر بدلنے کیلئے ان کے پاس صلاحیت ہے اور نہ ہی ایجنڈا ہے، سندھ میں جو تھوڑا بہت امن ملا ہے وہ بھی سی پیک کے مرہون منت ہے۔صوبائی امیر نے کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، ذمہ داران اس حوالے سے بھرپور تیاریاں کریں۔