کے الیکٹرک اور نادرا کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ،حافظ نعیم الرحمن

عوام نے 20ہزار مقدمے وفاقی وصوبائی محتسب کی عدالت میں کے الیکٹرک کیخلاف درج کرائے ہیں ،لیاری میں عوامی کچہری سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک اور نادرا کے ادارے شہریوں کو ریلیف دینے کے بجائے دوہرے عذاب میں مبتلا کررہے ہیں ،کے الیکٹرک اور نادرا کی نااہلی اور ناقص کارکردگی نے عوام کی زندگی اجیرن بنادی ہے ، جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کی جدوجہد جاری رکھے گی اور ہر فورم میں عوام کا مقدمہ لڑے گی ۔

عوام نے 20ہزار مقدمے وفاقی وصوبائی محتسب کی عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف درج کرائے ہیں ،لیاری کی 24لاکھ کی آبادی میں نادرا کا صرف ایک آفس ہے ۔ان خیالات کا اظہا رانہوں نے موسیٰ لین لیاری میں کے الیکٹرک کی اضافی لوڈ شیڈنگ ،بوگس میٹر ریڈنگ ، اوور بلنگ اور نادرا کے عوام دشمن رویوں اور اقدمات کے خلاف جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ’’عوامی کچہری ‘‘سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

کچہری سے امیر ضلع جنوبی عبد الرشید ،امیرزون طاہر اکبر ،پبلک ایڈ کمیٹی کے رہنما برائے کے الیکٹرک سیل عمران شاہد ،یوسی چیئرمین فضل الرحمن ، وائس چیئرمین فرحان ہنگورو، یوسی 12کے وائس چیئرمین عبد اللہ دستی ، یوسی5کے وائس چیئرمین راشد کاٹھیار اور متاثرہ اہل علاقہ نے بھی خطاب کیا ۔ عوامی کچہری رات 9بجے شروع کی گئی جو رات 12بجے تک جاری رہی ۔

کچہری میں جامعة الانصار کے طالب علم یوسف ناصر نے خوبصورت آواز میں نعت رسول مقبول ؐ کا نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔اس موقع پر ،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری پلک ایڈ کمیٹی کے رہنما سجاد دارا، این ایل ایف سندھ کے جنرل سکریٹری خالد خان اور دیگر بھی موجود تھے ۔عوامی کچہری سے لیاری 1اور لیاری 2کے علاقہ مکینوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور کے الیکٹرک اور نادر ا کی جانب سے ڈھائے گئے مظالم کے خلاف شکایات پیش کیں۔

جن میں ایوب رحمت ،سکندر ہنگورو ،سلطان شاہ ،عاطف ہنگورو اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ فضل الرحمن کا موسیٰ لین لیاری میں تیسری بار چیئرمین منتخب ہونا اس با ت کی غمازی کرتا ہے کہ موسیٰ لین کے عوام جماعت اسلامی کے کام سے مطمئن ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کو مل کر متحد ہوکر کرپٹ مافیا اور بد عنوان لوگوں سے نجات حاصل کرنا ہوگی ۔

لیاری کے عوام کو تعصب کی بنیاد پر آپس میں لڑایا گیا اور بند گلی کی سیاست میں دھکیلا گیا ہے ہمیں بند گلی سے نکل کر متحد ہونا ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ نیپرا کرپشن کا ایک بہت بڑا ادارہ ہے ۔ سماعت کے دوران چند افراد کو کے الیکٹرک کے حق میں بولنے کے لیے خریدا جاتا ہے جو کے الیکٹرک کی حمایت کرتے ہیں ۔عوام نے 20ہزار مقدمے وفاقی وصوبائی محتسب کی عدالت میں کے الیکٹرک کے خلاف درج کرائے ہیںلیکن کے الیکٹر ک کورٹ میں جارہی ہے کہ محتسب کے فیصلوں کو ختم کردیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سپریم کورٹ میں کے الیکٹرک کے خلاف مقدمہ درج کیا ہواہے ۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ہمیشہ سے عوام کا مقدمہ لڑتی رہی ہے ۔ بنیادی ضروریات کی فراہمی حکومت کی ہے اور لوڈ شیڈنگ غیر آئینی ہے ۔ جماعت اسلامی لیاری کے مسائل حل کرانے کی کوشش کرے گی ۔ اگر مسائل حل نہ کیے گئے تو دھرنا دیں گے اور کے الیکٹرک اور نادرا کے آفس کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے مطالبات کی حمایت کرتی ہے فوری طور پر آپریٹو سسٹم بنانے کے لیے بات کریں گے ۔حکومت اور نادرا کی نااہلی ہے کہ ڈھائی کروڑ کی آبادی کے لیے اب تک نئے میگاآفس نہیں بنائے گے ۔نادرا کی جانب سے نت نئے مطالبات اور طریقوں سے عام شہریوں کو تنگ کیاجارہا ہے۔ بے فارم اور شناختی کارڈ کو بلاک کرنے سمیت متعدد حوالوں سے عوام اذیت کا شکار ہیں ۔

وفاقی حکومت اس مسئلے کو حل کرے ۔افسوس کی بات ہے کہ 24لاکھ کی آبادی میں نادرا کا صرف ایک آفس ہے ۔ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں اوراپنے حق کے لیے متحد ہوجائیں۔صرف ایک کچہر ی پر اکتفا ء نہیں کیا جائے گا بلکہ شہر بھر میں عوامی کچہریاں لگا کر عوام کے مسائل حل کرانے کی کوشش کی جائے گی ۔عبد الرشید نے کہا کہ کے الیکٹرک نے لیاری جیسے پسماندہ علاقے میں رہنے والے شہریوں کو جینا مشکل کردیا ہے ۔

لیاری دوسے 21کروڑ روپے ماہانہ وصول کیا جارہے اس کے باوجود ہر میٹر سے 44فیصد بل اوور بلنگ ، بوگس میٹر ریڈنگ کے نام پر وصول کیے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک نے صرف یونین کونسل سے 16کروڑ کا تانبا 8کروڑ انتیس لاکھ کا سکرپٹ پر پیچ دیا ہے اور یہ سب کچھ کے الیکٹرک کے ریکارڈ پرموجود ہیں اس حوالے سے سارے دستاویزاتی ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں ۔

عبد الرشید نے مطالبہ کیا کہ کے الیکٹرک کے جی ایم شاہد عباسی ، فتح محمد اور دیگر متعلقہ افسران رضاکارانہ طور پر مستعفی ہوجائیں ۔ انہوں نے کہا کہ پورے لیاری کی 24لاکھ آبادی ہے جس میں صرف ایک نادرا کا آفس ہے جس سے علاقہ مکین کو قومی شناختی کارڈ بنانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے ،انہوں نے کہا کہ نادرا اور کے الیکٹرک نے اپنا قبلہ درست نہ کیاتو ہم عوامی رابطہ مہم چلائیں گے اور کے الیکٹرک اور نادرا کے آفسز کا گھیراؤ کریں گے ۔

عمران شاہد نے کہا کہ لیاری زندہ دلوں کا شہر ہے ، آج شدید ٹھنڈ کے باوجود رات گئے تک دلجمعی کے ساتھ عوامی کچہری میں موجود ہیں یہ اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ لیاری کے عوام پیچھے ہٹنے والے نہیں ہے اپنے حقوق کے لیے ہر ممکن جدوجہد کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سندھ اور کراچی کے حقوق کا دعوہ کرنے والے کے الیکٹرک اور نادرا کی پشت پناہی کررہے ہیں ۔

جماعت اسلامی نے ہمیشہ ظلم کے خلاف آواز بلند کی ہے اور جماعت اسلامی نے ہر فورم پر کے الیکٹرک کے خلا ف آواز اٹھائی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام جماعت اسلامی کے ساتھ دیں تو ان شاء اللہ جماعت اسلامی چوروں کو کیفر کردار تک پہنچائی گی ۔فضل الرحمن نے کہاکہ کے الیکٹرک جب کے ای ایس سی تھی اس وقت سے جماعت اسلامی نے ان کے خلاف آواز بلند کی ہے اور ہم نے سٹی کونسل میں پرائیوٹائزیشن کے خلاف مذمت کی قرارداد بھی پیش کی لیکن اس کے باوجود ملک دشمن عناصر نے کے ای ایس سی کو بیچ دیا ۔

انہوں نے کہا کہ لیاری 80فیصد بل کی ادائیگی کرتا ہے اس کے باوجود لیاری میں لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ ساڑھے سات گھنٹے کردیا گیا ہے جو کہ لیاری کے عوام کے ساتھ سراسر ظلم و زیادتی کے مترادف ہے ۔ انہوں نے کہاکہ لیاری کے عوام کا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کمپلنٹ سینٹر لیاری میں بحال کیا جائے تاکہ علاقہ مکین باآسانی مسائل حل کراسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا میں بھتہ مافیا کام کررہی ہے جس سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں اور قومی شناختی کارڈ بنوانے میں شدید مشکلات ہیں۔

فرحان ہنگورو نے کہا کہ جب تک کے الیکٹرک اور نادرا عوام کے مسائل حل نہیں کرے گی جماعت اسلامی اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لیاری سے 80فیصد بل کی وصول کے باجود شیڈول کی 6گھنٹہ لوڈ شیڈنگ کے علاوہ ساڑھے ساتھ گھنٹے لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے ۔کمپلنٹ سینٹر رابطہ کرنے پر کہا جاتا ہے کہ لائن لاسز کی وجہ سے لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ لائن لاسز کی سزا عوام کیوں بھگتے ۔انہوں نے کہا کہ ری کوری اور کنڈے کے نام پر عوام سے اضافی بل وصول کیے جارہے ہیں جو کہ سراسر ظلم و زیادتی ہے ۔ انہوں نے لیاری کے عوام سے مطالبہ کیا کہ عوام ظلم سہنے کے بجائے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں تو جماعت اسلامی کے الیکٹرک اور نادرا کا قبلہ درست کرسکتی ہے ۔عبد اللہ دستی نے کہا کہ کے علاقہ مکینوں کے ساتھ مل کر الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈ نگ کے خلاف کے الیکٹرک کے مقامی دفتر کا گھیراؤ کیا اور مذاکرات کیے گئے جس میں طے کیا گیا کہ رات ساڑھے گیارہ بجے کے بعد لوڈ شیڈنگ نہیں کی جائے گی ۔

جس کے بعد ایک ماہ تک رات کو لوڈ شیڈنگ ختم کردی گئی لیکن ایک ماہ بعد پھر سے کے الیکٹرک نے اوور بلنگ ، بوگس میٹر ریڈنگ ، اور کنڈا کے نام پر بھاری بل بھیجنا شروع کردیے ہیں جس سے عوام شدید ذہنی وجسمانی اذیت کا شکار ہیں ۔راشد کاٹھیار نے کہا کہ عوامی کچہری کا مطلب عوامی مسائل حل کرنا ہے ۔ عوام آپس میں متحد ہو کر کے الیکٹرک اور نادرا کے مظالم کے خلاف آواز بلند کرے تو عوامی مسائل حل ہوسکتے ہیں ۔

ایوب رحمت (رہنما کرسچن کمپاؤنڈ )نے کہا کہ گزشتہ 20سال سے کرسچن کمپاؤنڈ سے کنڈے کا بل وصول کیا جارہا ہے اور گزشتہ چار روز سے کمپاؤنڈ کی بجلی کاٹ دی گئی ہے ۔متعدد بار کمپلین کرنے کے باوجود بھی بجلی بحال نہ کی گئی ۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک ہمارے میٹر واپس لگائے ۔سکندر ہنگورو نے کہا کہ لیاری کی قریبا 24لاکھ آبادی ہے اور ایک نادرا کا آفس قائم ہے جو کہ یہاں کے عوام کے لیے ناکافی ہے ، انہوں نے کہا کہ ہمارا حکومت سے مطالبہ ہے کہ نادرا کے مزید دو آفسز قائم کیے جائیں ۔

عاطف ہنگورو نے کہا کہ لیاری جیسے پسماندہ علاقہ میں تعلیم کا سب سے بڑا مسئلہ ہے ۔ کالج اور یونیورسٹی میں داخلے بغیر سفارش کے نہیں دیے جاتے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں اور نالے بہہ رہے ہوتے ہیں کوئی پرسان حال نہیں ہے ۔

متعلقہ عنوان :