موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اجتہاد کی طرف لوٹنے کی ضرورت ہے‘ بیرسٹر ظفر اللہ خان

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:36

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) وزیراعظم کے معاون خصوصی بیرسٹر ظفر اللہ خان نے کہا ہے کہ مسلم امہ کو عصر حاضر کے مسائل اور درپیش چیلنجز کے حل کیلئے اجتہاد پر کام کرنے کی ضرورت ہے، حقیقی اجتہاد کے فقدان کی وجہ سے دنیا بھر میں مسلمان امن اور خوشحال زندگی سے محروم ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی نئی کتاب ’’اے نیو نیریٹو‘‘ کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کا اہتمام پاکستان نیشنل کونسل آف آرٹس میں ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز تھے۔ بیرسٹر ظفر اللہ نے مسلم امہ کی حالت زار پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ہمیں اجتہاد کی طرف لوٹنے کی ضرورت ہے جس کا ماضی میں فقدان ہونے کی وجہ سے مسلم امہ مسائل سے دوچار رہی ہے۔

(جاری ہے)

بیرسٹر ظفر اللہ نے اس موقع پر کتاب کے اقتباسات بھی پڑھ کر سنائے، جس میں انہوں نے مسلم امہ کی رہنمائی کیلئے فکر فراہم کی ہے تاکہ مسلم امہ بیدار ہو کر اپنے مسائل کو حل کرے۔

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے بیرسٹر ظفر اللہ کو ایسی مایہ ناز کتاب کی تصنیف پر مبارکباد دی اور اسلامی ممالک کی تنزلی کی وجوہات پر روشنی ڈالنے اور ان کا حل پیش کرنے کے انداز بیان کی بھی تعریف کی۔ ممتاز سکالر خورشید ندیم، سینئر ایڈووکیٹ سلمان اکرم راجہ، خالد مسعود اور احمد جاوید نے بھی کتاب کی تعریف کی اور اہل کتاب کی کاوش کو سراہا۔