پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ملتان میٹرو بس سسٹم کے لئے موبائیل ایپ کی تیاری شروع کردی،شہری بس کی لوکیشن، اسٹیشن پر آمد یا تاخیر کے اوقات کے حوالے سے لائیو معلومات حاصل کرسکیں گے

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:18

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی نے ملتان میٹرو بس سسٹم کے لئے موبائیل ایپ کی تیاری شروع کردی ہے جس کے ذریعے شہری بس کی لوکیشن، اسٹیشن پر آمد یا تاخیر کے اوقات کے حوالے سے لائیو معلومات حاصل کرسکیں گے۔ کسی بھی معلومات کے حصول کے لئے ہیلپ لائن 061-111-222-627 بھی دستیاب ہوگی۔ اس کے علاوہ ویب سائیٹ اور فیس بک کے ذریعے بھی پی ایم اے سے رابطہ کیا جاسکے گا اور تازہ ترین اپ ڈیٹ حاصل کی جاسکیں گی۔

میڈیا سے رابطہ کے لئے بھی یہی ذرائع استعمال ہوں گے۔دریں اثناء ملتان میں منتخب کئے گئے 11فیڈر روٹس پر بسیں چلانے کے پراجیکٹ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ یہ بس سروس بھی عوام کی سہولت کے لئے دستیاب ہوگی۔

(جاری ہے)

ان گیارہ روٹس پر226سٹاپس قائم کئے جائیں گے۔ ان مقامات کا انتخاب کرلیا گیا ہے جہاں خوبصورت انتظارگاہیں تعمیر کی جائیں گی۔

فیڈر بسوں کے 11روٹس پر226کیمرے بھی لگائے جائیں گے تاکہ بسوں کی نقل و حرکت کو چیک کیا جاسکے۔ یہ کیمرے کمانڈاینڈ کنٹرول سنٹر سے لنک ہوں گے۔ ان کیمروں کے حوالے سے سب سے اہم بات یہ سامنے آئی ہے کہ انہیں جرائم پر قابو پانے کے لئے بھی استعمال کیا جائے گا اور یہ ملتان سیف سٹی پراجیکٹ کا حصہ ہوں گے۔ ان روٹس پر چوری، ڈکیتی، رہزنی یا کسی بھی واردات کی صورت میں پولیس ان کیمروں سے فوٹیج حاصل کرسکے گی جس کے ذریعے جرائم پیشہ افراد تک پہنچنے میں مدد مل سکے گی۔پی ایم اے کی موبائیل ایپ میٹرو بسوں اور فیڈر بسوں دونوں کے لئے مدد گار ثابت ہوگی۔فیڈر بسوں کی چوڑائی اڑھائی میٹر اور لمبائی 8میٹر ہوگی جبکہ ایک بس میں 45افراد سفر کرسکیں گے۔ان ائیرکنڈیشنڈ بسوں کا کلر بھی سرخ ہوگا۔