بلاول بھٹو کی ایک آواز پرجیالے لپک آئے ہیں ‘پیپلزپارٹی عوامی طاقت کے بل پر پاناما لیگ اوربلے بازوں کوپچھاڑدے گی

پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی کا عوامی اجتماع سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرین کے مرکزی رہنما محمد اشرف بھٹی نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کی ایک آواز پرجیالے لپک آئے ہیں۔جیالے آج بھی قائدعوام ذوالفقارعلی بھٹو شہید اوربی بی بینظیر بھٹوشہید کے فلسفہ سیاست اورنظریہ جمہوریت پرکاربند ہیں۔پیپلزپارٹی عوامی طاقت کے بل پرآنیوالے عام انتخابات میں پاناما لیگ اوربلے بازوں کوپچھاڑدے گی۔

پیپلزپارٹی عام آدمی کی نمائندہ اوراس کے حقوق کی علمبردار جماعت ہے اورعوام کودنیا کی کوئی طاقت شکست نہیں دے سکتے ۔پیپلزپارٹی ماضی کی طرح آئندہ بھی صرف اپنے عوام پرانحصار کرے گی اورعوام یقینا پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیں گے ۔وہ خدابخش کالونی میں اپنے ڈیرے پرایک بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

محمداشرف بھٹی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کابکھرنااورنکھرنااس کاحسن ہے،بلاول بھٹو زرداری نے اپنے مضبوط ہاتھوں سے اس بکھری ہوئی طاقت کوپھرسے سمیٹ لیا۔

پیپلزپارٹی کاسیاسی فلسفہ کارکنان کی رگوں میں خون بن کردوڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ جوایک بارپیپلزپارٹی سے وابستہ ہوجائے وہ زندگی بھر کیلئے اس کاہوجاتا ہے۔جولوگ پیپلزپارٹی سے نکلے وہ سیاسی اچھوت اوربھوت بن کررہ گئے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مختلف سیاسی خانوادے پیپلزپارٹی میں آنے کیلئے پرتول رہے ہیں۔خالد کھرل اورفیصل صالح حیات کی اپنے گھرواپسی سے گھرمیں جشن کاسماں ہے،جیالے ایک دوسرے کومبارکباددے رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹوزرداری کی قیادت میں جیالے جاگ رہے ہیں ،انہوں نے تختہ لاہور کادھڑن تختہ کرنے کابیڑااٹھایا ہے ۔ پیپلزپارٹی اپنے نظریاتی اساس کے ساتھ سیاسی افق پرابھرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے اقتدارمیں آنے سے عام آدمی طاقتورہوجاتا ہے ۔