Live Updates

وزیراعلیٰ شہباز شریف اور مسلم لیگ(ن) کے رہنماء چودھری سعید کی ملاقات، باہمی دلچسپی و سیاسی امورپربات چیت

جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے ، جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا ‘مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے، دشمن بھی انگلی نہیں اٹھاسکتا‘پنجاب میں تین گیس پاور پراجیکٹس میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں‘ ماضی میں توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دی، نااہلی اور غفلت کی بنا پر قوم کو اندھیروں میں رہنے دیا‘ وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں پاکستان روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کی بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 22:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اور مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنماء چودھری احمد سعید کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں باہمی دلچسپی کے اموراور سیاسی معاملات پربات چیت ہوئی-وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے چوہدری احمد سعید سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی بے لوث خدمت ہی ہمارا مشن ہے اور گزشتہ ساڑھے تین برس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف کی قیادت میں توانائی بحران سے نمٹنے کیلئے بے پناہ محنت سے کام کیاگیا ہے اور ملک ترقی و خوشحالی کے سفر پر گامزن ہو چکا ہے -وزیر اعلی نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت پاکستان بھر میں توانائی کے منصوبوں کو تیزی سے آگے بڑھایا جا رہا ہے - 1320 میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ مقررہ مدت سے کہیں پہلے مکمل کر لیا جائے گا اور اس منصوبے سے رواں برس کے اوائل میں بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کے 3600 میگا واٹ کے منصوبوں سے عوام کو بجلی سستی ملے گی - رواں برس توانائی کے کئی منصوبے مکمل ہو ں گے اور ہزاروں میگا واٹ بجلی پیدا ہو گی جس سے لوڈ شیڈ نگ کا خاتمہ ہو گا- انہوںنے کہا کہ عوام کی خوشحالی اور ملک کی ترقی کے مخالف عناصر کے دھرنوں کے باعث توانائی منصوبوں میں تاخیر ہوئی جبکہ ماضی کی حکومت نے توانائی بحران کے حل کیلئے کوئی توجہ نہیں دی اور اپنی نا اہلی، کرپشن اور غفلت کی بنا پر قوم کو اندھیروں میں رہنے دیا ،اگرسابق حکمران بجلی بحران کے مسئلے سے نمٹنے پر توجہ دیتے توملک اندھیروں میں نہ ڈوبا ہوتا-انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت اور اعلیٰ معیار کے ساتھ منصوبوں کو مکمل کرکے نئے رجحان کو فروغ دیا ہے۔

پنجاب میں گیس کی بنیاد پر لگنے والے بجلی کی600 3میگا واٹ کے تین منصوبوں میں شفافیت کو یقینی بناتے ہوئے قوم کے 112 ارب روپے بچائے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کا دامن کرپشن سے پاک ہے اور کوئی دشمن بھی حکومت پر انگلی نہیں اٹھا سکتا- پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت کا جینا مرنا عوام کے ساتھ ہے اور جب تک جان میں جان ہے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہوں گا-انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان روشنیوں کے سفر کی جانب رواں دواں ہے اور عوام سے کئے گئے وعدے ہرصورت پورا کریں گے -
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات