Live Updates

پارا چنار نیو سبزی منڈی میں بم دھماکہ، 25افراد جاں بحق ، 65سے زائد زخمی ،جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا

دھماکے بعد سیکورٹی فورسز کے کوئیک رسپانس فورس نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا صدر ، وزیر اعظم ، چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکر وڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی ، آرمی چیف ،وفاقی وزیرداخلہ ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات ، بلاول بھٹوزرداری ، آصف زرداری ، عمران خان اور دیگر کی دھماکے کی مذمت ،ہلاکتوں پراظہار افسوس مجلس وحدت المسلمین کا سانحہ پاراچنار پرملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان ، اسلام آباد ، پشاور لاہور اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:52

ہنگو/اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پارا چنار عید گاہ مارکیٹ نیو سبزی منڈی میں بم دھماکے کے نتیجے میں 25افراد جاں بحق جبکہ 65سے زائد زخمی ہوگئے ،جاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کر دی گئی،دھماکے بعد سیکورٹی فورسز کے کویک رسپانس فورس نے پورے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن کا آغاز کر دیا ،صدر ممنو ن حسین ، وزیر اعظم نوازشریف ، چیئرمین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکر وڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، بلاول بھٹوزرداری ، آصف زرداری ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن ،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ، مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر جعفری نے پاراچنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ۔

(جاری ہے)

پاراچنار میں ہونے والے دھماکے کے بعد اسلام آباد ، پشاور لاہور اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے تمام اہم عمارتوں اور تعلیمی اداروں میں بھی سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔تفصیلات کے مطابق پولیٹیکل انتظامیہ کرم ایجنسی اور سیکورٹی زرائع نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہفتہ کی صبح 8بجے کے قریب کرم ایجنسی کے صدر مقام پاراچنا ر کے شہر میں واقعہ عید گاہ مارکیٹ نیو سبزی منڈی میںنا معلوم افراد کی جانب سے سبزی کی کریٹ میں 20کلو گرام سے زائد بارودی مواد نصب کردیا گیا تھا اسی دوران جیسے لوگ وہاں سبزی منڈی میں جمع ہو گئے تو اس دوران اچانک بارودی مواد کا دھماکہ ہوا۔

دھماکے کے بعد ہر طرف افراتفری مچ گئی جبکہ دھماکے کی آوازدور دور تک سنی گئی۔سبزی منڈی میں اکثریتی تعداد دکانداروں اور رسبزی فروخت کرنے والے ریڑھی بانوں والوں کی بتائی جاتی ہیں۔ دھماکے میں 25افراد جاں بحق اور 65سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ بعض ذرائع کے مطابق واقعے میں 87افراد زخمی ہوئے ۔ تاہم اسسٹنٹ پولیٹیکل ایجنٹ نصر اللہ خان نے دھماکے میں 23افراد کی قیمتی جانیں ضائع اور 40سے زائد افراد کے زخمی ہو نے کی تصدیق کی ہے جس میں اکثرزخمیوں کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہیں جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جاتا ہے۔

دھماکے میں زخمی اور جاں بحق افرادکی شناخت کے بعد لست ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر آویزاں کر دی گئیں۔جاں بحق افراد میں اسرار حسین،مظہر علی،سید قوسین،ظاہر حسین،ساجد حسین،شفاعت حسین،مسکر علی،ریاست علی،زین حیدر،تجمل حسین،شجاعت،باقر حسین،سید قادر شاہ،عارف حسین،اجمل حسین ،امجد علی،سید قیصراور باقی کے نام معلوم نہ ہو سکے شامل ہیں۔

پاراچنار ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امدا د کی فقدان کی وجہ سے 20سے زائد زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے زریعے پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کر دیا جبکہ 7زخمی افراد کو تحصیل ٹل سی ایم ایچ منتقل کر دیا گیا ہے تاہم مزید معمولی نوعیت کے زخمیوں کو پارا چنار ایجنسی ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں۔ آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق زخمیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ۔

آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق دھماکے کے بعد فوج اور ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس نے جائے وقوع پر پہنچ کر علاقے کو گھیر لیا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آرمی کے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے زخمی افراد کو وہاں سے نکالا گیا۔واقعہ کے بعدجاں بحق افراد کی اجتماعی نماز جنازہ پارا چنار مرکزی امام بارگاہ میں ادا کر دی گئی ۔سیکورٹی زرائع کے مطابق نماز جنازہ میں آئی اجی ایف سی مظہر شاہین سمیت پولیٹیکل انتظامیہ کے افسران ،سیاسی و سماجی رہنمائوں اور علاقہ عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کیں۔

نماز جنازہ کے بعد آئی جی ایف سے زخمیوں کی منتقلی دھماکے کی جگہ کا معائنہ کرتے ہوئے دہشت گردوں کے خلاف کاروائیاں مزید تیز کرنے کے ہدایات جاری کر دیں۔ صدر ممنو ن حسین ، وزیر اعظم نوازشریف ، چیئرمین ڈپٹی چیئرمین سینیٹ ، سپیکر وڈپٹی سپیکر ، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان ، وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ، بلاول بھٹوزرداری ، آصف زرداری ، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ،جمعیت علما اسلام (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمن ،جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق ،وزیراعلی خیبرپختونخوا پرویزخٹک سمیت سیاسی وسماجی رہنماؤں نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاکتوں پر گہرے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ،وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے دھماکے کی رپورٹ طلب کرلی ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے پارا چنار دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور زخمیوں کو فوری طور پر طبی سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی ،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے پاراچنار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔

سپیکرو ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاراچنار میں ہونے والے دھماکے سے زخمی افراد کو بہترین طبی امداد دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کو جلد از جلد ہسپتال منتقل کیا جائے۔آرمی چیف نے کہا کہ دہشتگرددوبارہ طاقت حاصل کرنے میں ناکام ہوں گے۔ وزیرمملکت اطلاعات مریم اورنگزیب نے پاراچنار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بربریت ہے،ایسی کارروائیاں کرنے والے ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دشمنوں کے عزائم کا حوصلے سے مقابلہ کر رہے ہیں ۔ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے،حکومت آخری دہشتگردکوختم کرکے دم لے گی۔انہوں نے کہاکہ امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹاجائے گا،دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وزیرمملکت نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے ہمدردی کاا ظہار کیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے پارا چنارمیں عید گاہ مارکیٹ میں دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا ۔ شہباز شریف کا کہنا ہے کہ دہشتگردی کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے پختہ عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ عمران خان نے پارا چنار میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں پر حملہ کسی طور قابل قبول نہیں ہے۔

آگ اور خون کی ہولی کھیلے و الے قوم کے دشمن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شر پسند عناصر کوقانون کی گرفت میں لا کر نشان عبرت بنایاجائے۔ عمرا ن خان نے خیبر پختونخوا حکومت کو ہدایت کی کہ زخمیوں کی بہترین نگہداشت یقینی بنائی جائے ۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پارا چنار میں ہونے و الے دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے کیلئے عوام کو پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ شہداء پارا چنار کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے پارا چنار میں ہونے و الے دھماکے کی پر ذور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے بزدلانہ کارروائیا ں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ گورنر خیبر پختونخوا نے شہید افراد کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی ۔

دوسری جانب مجلس وحدت المسلمین کے سربراہ علامہ ناصر جعفری نے پاراچنار واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے ملک بھر میں تین روزہ سوگ کا اعلان کر دیا ۔ پاراچنار میں ہونے والے دھماکے کے بعد اسلام آباد ، پشاور لاہور اور دیگر شہروں میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے ۔ ،تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ بڑھا دی گئی ہے جبکہ تمام اہم عمارتوں اور تعلیمی اداروں میں بھی سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات