ڈی آئی جی ٹریفک کی شہر میں ٹریفک نظام میں بہتری کے لئے اہم ملاقاتیں

شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھارہے ہیں ‘کیپٹن (ر)سید احمد مبین

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:41

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس شہر میں ترقیاتی کاموں اور احتجاجوں کے باوجود شہریوں کو بہترین سفری سہولیات دینے کے لئے ہمہ وقت کوشاں ہے اور ٹریفک نظام کی مزید بہتری کے لئے پر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں،شہر میں جن مقامات پر ترقیاتی منصوبوں کا تعمیراتی کام جاری ہے وہاں سٹی ٹریفک پولیس کے افسران و ٹریفک وارڈنز کی اضافی نفری کی تعیناتی کے ذریعے ٹریفک روانی کو یقینی بنایا جاتا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو بہترین سفری سہولیات کی فراہمی کے حصول کی خاطر ٹریفک نظام میں انقلابی اصلاحات متعارف کروا رہے ہیں ۔

ان خیا لات اظہار انہوں نے ڈاکٹر ہسپتال سے ٹھوکر نیاز بیگ توسیعی منصوبہ کینال روڈ کا دورہ ، ڈی جی ایل ڈی اے ، ایم ڈی واسا اور چیف انجینئرٹیپا کے ساتھ ملاقات کے دوران کیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان کے ہمراہ کینال روڈ توسیعی منصوبہ پوائنٹ کا دورہ کیا اور پیش رفت کاجائزہ لیا۔

اس موقع پر انہوں نے ٹریفک روانی کو برقرار رکھنے کے لئے بہترین انتظامات کرنے پر ایس پی ٹریفک صدر سردار آصف اور ڈی ایس پی صدر ملک اکرم کو شاباش دی ۔بعد ازاں ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان اور چیف انجینئرٹیپا سیف الرحمن سے ایل ڈی اے ہیڈ آفس میں 2گھنٹے کی طویل ملاقات کی جہاں افسران کے درمیان مین بلیوارڈ گلبرک اور جیل روڈ سگنل فری کو ریڈ و رزپر ٹریفک روانی میں مزید بہتری کے حوالے سے تبادلہ خیال ہوا۔

سگنل فری کو ریڈورزپرٹریفک بہائو کی مزید بہتری کے حوالہ سے اہم تجاوزات اور سفارشات ٹریفک سٹیئرنگ کمیٹی کو ارسال کی جائیں گی ۔ اسکے علاوہ ڈی آئی جی ٹریفک لاہور کیپٹن (ر) سید احمد مبین نے ڈی جی ایل ڈی اے زاہد اختر زمان اور ایم ڈی واساسے بھی اہم ملاقات کی جس میں واسا کے ترقیاتی منصوبوں کے دوران ٹریفک انتظامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

اس موقع پر ڈی آئی جی ٹریفک لاہور نے کہا کہ واسا کے ترقیاتی منصوبوں کی تعمیر کے دوران متعلقہ اور ملحقہ شہرائوں پر ٹریفک روانی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا اور اس سلسلہ میں آئندہ بدھ رات دس بجکر 30منٹ پر ٹریفک پولیس ، ایل ڈی اے اور واسا حکام نے اہم مشترکہ اجلاس بلانے پرا تفاق کیا۔اس ملاقات میں واسا کے ترقیاتی کاموں کے دوران ٹریفک روانی برقرار رکھنے کے سلسلہ میں اہم فیصلے کئے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :