ڈونلڈ ٹرمپ دنیا میں امن کے لیے اسلام اور مسلمانوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں ‘ لیاقت بلوچ

امریکی صدر نے حلف کے بعد خطاب میں بیشتر پیغام اپنے عوام کے لیے ہی دیا ہے لیکن دنیا میں ریڈیکل اسلام کے خاتمہ کے لیے کھسیانی بلی کھمبہ نوچے والی بات ہے‘ سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حلف کے بعد خطاب میں بیشتر پیغام اپنے عوام کے لیے ہی دیا ہے لیکن دنیا میں ریڈیکل اسلام کے خاتمہ کے لیے کھسیانی بلی کھمبہ نوچے والی بات ہے، اسلام امن ، محبت اور انسانوں کے درمیان عزت و احترام کا دین ہے ، مغربی مفکرین نے مغربی تہذیب اور نظام کی ناکامی کے بعد اسلام کو خطرہ بنا کر پیش کرنے کے لیے بنیاد پرستی ، انتہا پسندی ، سیاسی اسلام کی اصطلاحات ایجا د کی ہیں ، ڈونلڈٹرمپ خود انتخابی مہم میں الزام لگاتے رہے کہ القاعدہ اور داعش جیسی تنظیمیں ڈیموکریٹس کے دور اقتدار میں قائم ہوئیں ۔

شاد باغ میں چوہدری محمد شوکت سابق ایم پی اے کے حلقہ میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکیوں کی ماضی کی غلطیوں کا ازالہ کریں ، دنیا میں امن کے لیے اسلام اور مسلمانوں کی طرف دوستی کا ہاتھ بڑھائیں ۔

(جاری ہے)

دنیا اور امریکہ اب کسی نئے تنازع اور فساد کی متحمل نہیں ہوسکتے۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ 2018 ء کے انتخابات سے پہلے جماعت اسلامی معاشی ، نظریاتی اور انتخابی کرپشن کے خلاف عوامی بیداری کی زبردست رابطہ مہم مکمل کرے گی ۔

جماعت اسلامی پانامہ لیکس کیس میں شامل تمام ناموں ، خاندانوں کی بلاامتیاز تحقیق اور احتساب کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائے گی ۔ دریں اثنا لیاقت بلوچ نے بشیر احمد عارف ، جے یو آئی کے رہنما قاری نذیر احمد ، مولانا مختار احمد سواتی کی والدہ اور وحدت کالونی کے سابق صدر خالد اسلام کی اہلیہ کے انتقال پر ان کے گھروں پر جاکر تعزیت اور دعائے مغفرت کی ۔