Live Updates

پی ٹی آئی (کل) قصور میں جلسہ منعقد کریگی ،عمران خان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کرینگے

ضلعی حکومت کی طرف سے دیپالپور روڈ پر جلسہ کرنے کیلئے باضابطہ اجازت نہیں دی گئی‘ ذرائع

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:38

پی ٹی آئی (کل) قصور میں جلسہ منعقد کریگی ،عمران خان اور دیگر مرکزی رہنما ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کل ( اتوار) کو قصور میں جلسہ منعقد کرے گی ، ضلعی حکومت کی طرف سے پی ٹی آئی کو دیپالپور روڈ پر جلسہ کرنے کیلئے باضابطہ اجازت نہیں دی گئی ،پی ٹی آئی کی قیادت نے دورہ کر کے جلسے کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف پانامہ لیکس کے حوالے سے آج اتوار کو قصور میں جلسہ عام کا انعقاد کرے گی جس سے عمران خان اور دیگر مرکزی رہنما خطاب کریں گے ۔

بتایا گیا ہے کہ ضلعی حکومت قصور کی طرف سے پی ٹی آئی کو دیپالپور روڈ پر جلسہ کرنے کی باضابطہ اجازت نہیں دی گئی تاہم اس کے باوجود اسٹیج بنانے سمیت دیگر تیاریاں جاری ہیں۔تحریک انصاف کی مرکزی قیادت نے صدر سنٹرل پنجاب عبدالعلیم خان کی سربراہی میں قصور کا تفصیلی دورہ کیا اور عمران خان کے آج ( اتوار ) کے جلسہ کے انتظامات کو حتمی شکل دینے کے علاوہ سکیورٹی اوردیگر امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی ۔

(جاری ہے)

آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ ندیم ہارون کے ڈیرے پر منعقد ہونے والے اجلاسوں میں طے پایا کہ جلسہ گاہ کی اندرونی سکیورٹی عمران ٹائیگر فورس کے نوجوان اور پارٹی کارکن کریں گے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ ماضی کے تجربات کو سامنے رکھتے ہوئے ڈسپلن قائم رکھنے کو یقینی بنایا جائے اور شر پسند عناصر پر نگاہ رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ 22جنوری کا جلسہ قصور سنٹرل پنجاب میں پارٹی سرگرمیوں کا باقائدہ آغاز ہے جس کے بعد دیگر اضلاع میں بھی ایسے جلسے منعقد کیے جائیں گے ۔

عبدالعلیم خان نے جلسہ گاہ اور اس کے اطراف کا دورہ بھی کیا اور پارٹی کارکنوں کو موقع پر ضروری ہدایات دیں اسی طرح شعبہ خواتین ، یوتھ اور دیگر ونگز کو بھی22جنوری کے عمران خان کے قصور کے دورے اور خطاب کیلئے ذمہ داریاں تفویض کر دی گئی ہیں ۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ حکمران اپنے ہی جھوٹ کے گرداب میں پھنس چکے ہیں اور اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو کررہے گا انہوں نے کہا کہ عمران خان نے پاکستان میں 70سالہ فرسودہ نظام ختم کرنے اور ملک کو صاف اور شفاف سسٹم دینے کا بیڑہ اٹھایا ہے جس میں ہر محب وطن پاکستانی ان کا ساتھ دے رہا ہے ایک سوال کے جواب میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ اصل اپوزیشن کونسی ہی بلاول اور ان کی پارٹی بہت تاخیر کر چکی ہے انہیں پہلے فرینڈلی اپوزیشن کا لیبل اتارنا ہو گا اور اپوزیشن جماعتوں کا حکومت کے خلاف ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا ہونا خوش آئند امر ہو گا عبدالعلیم خان نے کہا کہ تحریک انصاف کی کامیاب حکمت عملی سے حکومت پریشانی کا شکار ہے جس کے باعث حکومتی سطح پر ڈس انفارمیشن کی مہم شروع ہو چکی ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات