برطانیہ کی پارلیمنٹ میں کشمیر پر ریفرنڈم کی سفارش خوش آئندہ ہے ،ْمشعال ملک

ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے ،ْ پریس کانفرنس

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک نے کہا ہے کہ برطانیہ کی پارلیمنٹ میں کشمیر پر ریفرنڈم کی سفارش خوش آئندہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے‘ یاسین ملک کو ایک مرتبہ پھر غیر قانونی طور پر گرفتار کیا گیا ہے، کشمیریوں کے خون پر بھارتی ناچ گانا کی اجازت نہیں ہونی چاہیے ۔

ہفتہ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سات ماہ سے مقبوضہ کشمیر میں معصوم لوگوں کا خون بہایا جا رہا ہے، کشمیر میں 1990 سے لے کر آج تک جہدو جہد جاری ہے ،آر ایس ایس کے غنڈوں نے مقبوضہ کشمیر کے گاؤں جلا دیے ہیں ،کچھ دنوں میں پاکستان میں کشمیر کے لیے جدوجہد شروع کرنے جا رہی ہوں،یاسین ملک کو ایک مرتبہ پھر غیر قانونی طور پر گرفتار کیا ہے، تمام شہروں میں یاسین ملک کی گرفتاری پر جلوس اور ریلیاں نکالی جائیں گی، سی پیک کہ وجہ سے کئی ممالک پاکستان کے نزدیک آ رہے ہیں،ہندوستان کی سپریم کورٹ کی طرف سے آنے والے فیصلے کے مطابق مقبوضہ کشمیر کی پراپرٹی پر قبضہ کیا جا سکتا ہے جو بالکل غیر قانونی ہے، اس حوالے سے انٹرنیشنل کشمیر کمیٹی بنانی چاہیے جس میں کشمیری بھی شامل ہوں، مشعال ملک نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر پاکستانی عوام میرے ساتھ ہو گی اور ہمیں ایک تحریک اجاگر کرنا ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں انڈین فلمیں دکھانے کی بالکل اجازت نہیں ہونی چاہیے،کشمیریوں کے خون پر بھارتی ناچ گانا کی اجازت نہیں ہونی چاہیے،انہوں نے برطانیہ کی پارلیمنٹ میں کشمیر پر ریفرنڈم کی سفارش کو خوش آئندہ قرار دیا اور کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو بھی کشمیر کے مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے،کشمیر میں ایک فوجی چار کشمیریوں پر محیط ہے، انہوں نے کہا کہ جموں وکشمیر میں آر ایس ایس کے غنڈوں کو لگام دینے والا کوئی نہیں۔