Live Updates

وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پانامہ پر عوام کی رائے لینے میدان میں نکل آئے

موٹر سائیکل پر سوار ہوکر پورے حلقے کا چکر لگایا اورلوگوں کی رائے لی گلی کوچوں میں کرپشن کیخلاف نفرت دیکھ کر آیا ہوںعوام پانامہ لیکس پر عمران خان کے مؤقف کی کھل کر تائید کررہے ہیں،شاہ محمودقریشی

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:38

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) تحریک انصا ف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پانامہ پر عوام کی رائے لینے میدان میں نکل آئے ،گزشتہ روزملتان میں موٹر سائیکل پر سوار ہوکر پورے حلقے کا چکر لگایا جگہ جگہ رک کر ملکی حالات خصوصاً پانامہ لیکس پر عوام کی رائے لی ۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ تکلفات ایک طرف رکھتے ہوئے خود عوام سے ملنے اور انکی رائے لینے کا فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ ملتان کے گلی کوچوں میں کرپشن کیخلاف نفرت دیکھ کر آیا ہوںعوام پانامہ لیکس پر عمران خان کے مؤقف کی کھل کر تائید کررہے ہیں۔تحریک انصاف کے وائس چیئرمین نے کہاکہ میرے حلقے کے لوگ اسلام آباد سے خوشی کی نوید کے منتظر ہیںآئندہ نسلوں کے نمائندہ نوجوان کرپٹ حکمران خاندان کیخلاف بڑے فیصلے کی توقع کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی نے کہاکہ ہر عمر کا پاکستانی ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا ہر قیمت پر خاتمہ چاہتا ہے جنوبی پنجاب کے یہ باشندے پنجاب حکومت سے استحصال اور امتیازی سلوک پر بھی نالاں ہیں۔

انہوں نے کہاکہ ان کے دلوں میں حکمرانوں کیخلاف غیض و غضب پایا جاتا ہے ملتان کے باسیوں نے آج برملا عمران خان اور تحریک انصاف سے اپنی الفت کا برملا اظہار کیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ آج کی ملاقاتوں سے انتہائی خوش اور مطمئن ہوں کہ عوام بیدار اور باشعور ہیں عوام میں حقیقی شعور دیکھ کر یقین سے کہتا ہوں کہ ہمارا مستقبل تابناک ہے ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات