Live Updates

مخالفین کی تقریروں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ، غلط بیانی سے افسوس ہوتا ہے ،چوہدری نثار علی خان

راجر اور سہال کی مقامی سرکردہ سیاسی شخصیات اور تحریک انصاف کے ناظم کامسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:32

مخالفین کی تقریروں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ، غلط بیانی سے افسوس ہوتا ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہاہے کہ مخالفین کی تقریروں سے مجھے کوئی فرق نہیں پڑتا ،ْ غلط بیانی سے افسوس ہوتا ہے ،ْ کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے، منافق نہیں ،ْمشرف چاہتا تھا میں نہ آئوں ،ْ دنیا کو اب اسلام فوبیا سے باہر نکلنا ہوگا،مغرب کو اسلام مخالف پالیسی سے باہر نکلنا ہوگا، سیاست عمل اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سی نہیں ، اپنے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے لوگ اصول پر اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں تو ملک کی حالت بدل جائے، یک طرفہ پراپیگنڈے اور زبانی یلغار نے عوام کو سچائی اور دیانتداری کے اصولوں سے دور کر دیا ہے، عوام باشعورہوچکے ہیں، کس نے ملک کو ترقی دی اور کس نے ملک کا دیوالیہ نکالا یہ تفریق کرنا کوئی مشکل نہیں،جنہوں نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں پاکستان میں کسی چیز کو ثابت و سالم نہیں چھوڑا وہ کرپشن کے خلاف لانگ مارچ پر نکلے ہیں۔

(جاری ہے)

وہ ہفتہ کو راجر، سہال ،ْ کولیاں حمید اور ٹیکسلا میں عوامی اجتماعات اور بلدیہ کے ارکان سے گفتگوکررہے تھے، اس موقع پر راجر اور سہال کی مقامی سرکردہ سیاسی شخصیات اور تحریک انصاف کے ناظم نے مسلم لیگ (ن) میں شمولیت کا اعلان کیا۔وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ سیاست عمل اور کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سی نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی عوام نے ہمیشہ کارکردگی کو مقدم رکھا اور اگر باقی لوگ بھی اس اصول پر اپنے ووٹ کا فیصلہ کریں تو ملک کی حالت بدل جائے ۔چودھری نثارنے کہا کہ آج کے پاکستان میں حالات یکسر مختلف ہیں ہر جگہ الٹی گنگا بہہ رہی ہے۔ یک طرفہ پراپیگنڈے اور زبانی یلغار نے عوام کو سچائی اور دیانتداری کے اصولوں سے دور کر دیا ہے اور یہی ہمارے مسائل کی بنیادی وجہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ کارکردگی اور دلائل کے ذریعے بات کرتا ہوں۔ میرے مخالفین کے پاس الزامات اور بہتان تراشی کے علاوہ کچھ نہیں ۔ وفاقی وزیرداخلہ نے کہاکہ جنہوں نے ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ اپنی سیاسی پارٹیاں اور وفادریاں بدلیں میں انکو سیاستدان نہیں سیاسی سوداگر اور مفاد پرست سمجھتا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جہاں سے بھی اسلام اور پاکستان کے خلاف آواز اٹھتی ہے آپ کا نمائندہ اسکا جواب دینا اپنا دینی اور قومی فرض سمجھتا ہے ۔

چودھری نثارنے کہا کہ کتنی بڑی ستم ظریفی ہے کہ جنہوں نے اپنے پانچ سالہ دور اقتدار میں پاکستان میں کسی چیز کو ثابت و سالم نہیں چھوڑا اور حلال اور حرام میں تمیز ختم کردی وہ بھی کرپشن کے خلاف لانگ مارچ پر نکلے ہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ پوٹھوہار کے عوام پڑھے لکھے اور باشعور ہیں وہ سچ اور جھوٹ میں تفریق کرنا جانتے ہیں۔ کس نے ملک کو ترقی دی اور کس نے ملک کا دیوالیہ نکالا یہ تفریق کرنا کوئی مشکل نہیں ۔

حلقے کی تعمیر و ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنے پینتیس سالہ سیاست کے دوران انہوں نے حلقے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا ہے اور ہر جگہ اپنی خدمت کے نشان چھوڑے ہیں۔ اس کے برعکس انکے سیاسی مخالفین کے پاس جھوٹے وعدوں اور مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں ۔ وزیر داخلہ نے کہا وہی ملک ترقی کرتے ہیں جن کے فیصلے چوک اور چوراہوں میں نہیں بلکہ عدالتوں میں ہوتے ہیں اور جن کے اداروں پر قوم اعتماد کرتی ہے۔ افراتفری کے ماحول میں کسی ملک نے ترقی نہیں کی اور نہ ہی افراتفری پھیلانے کا کوئی جواز بنتا ہے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات