ہوا کے جھونکے کے ساتھ پارٹیاں بدلنے والے سیاست دان نہیں سوداگر ہیں‘چوہدری نثار

کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی’’کرپشن‘‘ کیخلاف مہم چلا رہی ہے جھوٹ پر افسوس ہوتا ہے،پوری سیاسی زندگی میں ایسا کام نہیں کیا جس سے مجھے شرمندگی ہو ، مشرف مجھے اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتا تھا مگر عوام نے مجھے بار بار منتخب کیا ، یہ احسان قیامت تک یاد رہے گا، عوامی اجتماعات سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے،ملک کا دیوالیہ نکالنے اور ترقی دینے والوں کے درمیان تفریق کرنا مشکل نہیں‘ عوام کارکردگی پر ووٹ دیں تو ملک کی تقدیر بدلے گی‘ ہوا کے جھونکے کے ساتھ پارٹیاں بدلنے والے سیاست دان نہیں سوداگر ہیں‘ پوری سیاسی زندگی میں کوئی ایسا کام نہیں کیا جس سے مجھے یا علاقے والوں کو شرمندگی ہو ، پرویز مشرف مجھے اسمبلی میں نہیں دیکھنا چاہتا تھا مگر عوام نے مجھے بار بار منتخب کیا اور مجھے یہ احسان قیامت تک یاد رہے گا ۔

راولپنڈی کے نواحی علاقوں چونترا ‘ راجر ‘ سہال ‘ کولیاں حمیداور ٹیکسلا میں عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ کرپشن کے ریکارڈ بنانے والی پارٹی آج کرپشن کیخلاف مہم چلا رہی ہے حالانکہ کہ سب کے سامنے ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ترقی کا نیا باب شروع ہوا ہے اور ہر طرف ترقیاتی کام ہورہے ہیں لیکن چور پھر بھی شور مچا رہے ہیں ،چونترہ والوں آپ کو فخر کرنا چاہیے کہ یہاں کے منتخب اراکین کو کوئی کرپٹ ، نااہل اور جاہل کا الزام نہیں دیتا، ہم نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر شرمندگی ہو بلکہ اللہ تعالیٰ نے عوام کی خدمت کا جو موقع دیا ہم اس پر شکر ادا نہیں کرسکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ روات والوں آپ نے ہمارا پاس رکھا اور ہر قدم پر ہماری مدد کی ، آج علاقے کی سیاست پر بات ہو گی ،آپ کا منتخب نمائندہ قوم کی آواز ہے جو نہ صرف اپنے علاقے اور جماعت بلکہ پاکستان اور اسلام کے لئے آواز اٹھاتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیرداخلہ اسلام آباد آئے تو اسے دلائل سے بھگا دیا۔انہوں نے کہاکہ جب بھی پاکستان اور اسلام کے خلاف آواز اٹھتی ہے اس کے خلاف سب سے بلند آواز چودھری نثار علی خان کی ہوتی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اللہ کا فضل ہے کہ ہم ہر موڑ پر ملک و قوم کی خدمت کی اور تشخص کو اجاگر کیا ، ہمیں اللہ نے عوام کی خدمت کر نے کا موقع دیا ہے ، اس پر اللہ تعالیٰ کے شکر گزار ہیں۔انہوں نے کہاکہ میرا تعلق اس مٹی سے ہے اور یہاں پر پیدا ہوا اور اسی مٹی میں دفن ہونا ہے ، ہمارا اور آپ کا یہ بہت بڑا رشتہ ہے ، میں یہاں کے مسائل سے آگاہ ہوں ، پسماندہ علاقوں کی ترقی میری ترجیح ہے ، اب 1985ء والا وقت نہیں رہا بلکہ چکری تک جو سڑک بنائی تھی اب اس کی بحالی کا کام کررہے ہیں ، مخالفین پگڑیاں اچھال رہے ہیں لیکن مجھے اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا ، البتہ جھوٹ اور غلط بیانی پر افسوس ہوتا ہے ، کم ازکم جھوٹوں کو بتائیں یہاں ترقی کی بنیاد چوہدری نثار نے رکھی ہے ،جس نے برداری ازم سے بالا تر ہو کر عوام کی خدمت کی ۔

چودھری نثار علی خان کا مزید کہنا تھا کہ میں جب بھی جاتاہوں اور کوئی اور اقتدار میں آتا ہے تو چونترا کی سڑکیں تباہ و برباد ہو جاتی ہیں ۔ میں ان سڑکوں کو تیسری دفعہ مرمت کروا رہا ہوں جس پر ایک ارب سے زیادہ خرچ ہو نگی ۔علاقے کے مسائل سے آگاہ ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ آپ کی مرضی ہے مجھے ووٹ دیں یا نہ دیں کم ازکم سچائی کا ساتھ دیں جو سچ پر ہو اس حمایت کریں اور جو جھوٹا ہو اس کو بے نقاب کریں۔

میرا تعلق یہاں سے ہے اس لئے میں یہاں کے عوام کے لئے زیادہ درد رکھتا ہوں ، میں نے ہمیشہ یہاں کے لوگوں کی خدمت کی ہے اور آپ کے سامنے ہے کہ یہاں پر شاہراہوں کا جال بچھایا اور دیہاتوں کو اس سے منسلک کیا جس سے یہاں کے عوام مستفید ہورہے ہیں ، واٹر سپلائی سکیمیں دیں ، سڑکیں بنائیں ، پرائمری ، مڈل اور ہائی سکول بنوائے اور علاقے کے ہر گائوں میں بجلی پہنچائی ، میں نے کوئی ایسا کام نہیں کیا جس پر میں شرمندگی محسوس کروں ، البتہ جتنا مجھ سے ہو سکتا ہے عوام کی خدمت کر نے کی کوشش کرتا ہوں۔

علاقے کے مسائل حل کرنا میری ترجیح ہے آپ لوگ خط اور فون کے ذریعے اپنے مسائل مجھ تک پہنچا سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میں پسماندہ علاقوں کی ترقی چاہتا ہوں اس لئے آپ لوگوں کو ہمارا دینا ہو گا تاکہ بلا تفریق ملک کو درپیش مسائل کا حل نکال سکیں۔پانچ سال اقتدار میں رہنے والوں اور حلال و حرام کی تمیز نہ کرنے والوں نے ملک کی کوئی چیز ثابت نہیں چھوڑی‘ سیاسی مخالفین کے پاس جھوٹے دعوئوں ‘ الزامتراسی اور مایوسی کے سوا کچھ نہیں‘ عوام کے لئے یہ فیصلہ کرنا مشکل ن ہیں ہے کہ کسی نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا اور کس نے دیوالیہ کیا انہوں نے کہا کہ سیاست کارکردگی کی بنیاد پر کی جاتی ہے لفاظی اور الزام تراشی سے نہی کی جاتی۔

ہوا کے ہر جھونکے کے ساتھ پارٹیاں بدلنے والے سیاستدان نہیں بلکہ سوداگر ہیں۔پراپیگنڈے ‘ الزام تراشی اور زبانی یلغار نے عوام کو سچائی کی سیاست سے دور کیا۔ عوام کارکردگی کی بنیاد پر فیصلہ کریں تو ملک ترقی کرسکتا ہے وزیر داخلہ نے کہاکہ وہی ملک ترقی کرتے ہیں جہاں فیصلے سڑکوں ‘چوکوں اور چوراہوں پر نہیں بلکہ عدالتوں میںہوتے ہیں۔ (عابد شاہ)

متعلقہ عنوان :