سندھ اسمبلی اجلاس میں پیش آنیوالے واقعہ پر افسوس ہے، ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں گے ،وزیر اعلیٰ سندھ

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:14

میرپورخاص(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ گذشتہ روز سندھ اسمبلی اجلاس میں ہونے والے واقعہ پر افسوس ہے ماضی میں بھی ایسے واقعات ہوتے رہے ہیں لیکن ان کاکچھ نہیں ہو ا مگر ہم ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے اقدامات کریں گے ۔ اس بات کا اظہار انہوں نے کوٹ غلام محمد میں ایم پی اے حاجی نوراحمد بھرگڑی سے ان کے والد حاجی غلام مصطفی بھرگڑی کی وفات پر تعزیت کرنے کے بعد صحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آئی بی اے ٹیسٹ پاس اساتذہ کے مسائل سے میں بخوبی واقف ہوں ان کے مسائل حل کئے جائیں گے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں جلد میرپورخاص کا دورہ کرکے میرپورخاص شہر کی ترقی و بہتری کیلئے ترقیاتی پیکج کا اعلا ن کروں گا۔ اس موقع پر سابق ایم این اے و ڈویژنل صدر پی پی پی میرپوخاص ڈویژن پیر آفتاب شاہ جیلانی، ایم این اے پیر شفقت شاہ جیلانی، ایم پی اے میر حیات تالپور، ڈپٹی کمشنر میرپورخاص سید مہدی علی شاہ، ایس ایس پی میرپورخاص خالد مصطفی کورائی، ایڈیشنل کمشنر نثارمیمن، اسسٹنٹ کمشنر ڈگری ثنااللہ صدر، اسسٹنٹ کمشنر جھڈو نظیر میمن، دیگر افسران،صحافی اورپارٹی ورکربڑی تعداد میں موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :