پانامہ لیکس کیس، جماعتِ اسلامی کی زیر سماعت دستوری درخواست کی حمایت میں متفرق درخواست دائر

وزیر اعظم کی ایوان زیریں میں تقریر کا ریکارڈ طلب کرنے کی استدعا

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:12

اسلام آباد، لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) پانامہ لیکس کیس میں سینیٹر سراج الحق امیر جماعتِ اسلامی پاکستان کے وکیل توفیق آصف ایڈووکیٹ سپریم کورٹ نے جماعتِ اسلامی کی زیر سماعت دستوری درخواست نمبر 03/2017 کی حمایت میں متفرق درخواست دائر کردی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے پانامہ لیکس میں آنے والی تفصیلات پرمئورخہ 16مئی 2016کو قومی اسمبلی کے فلور پر تقر یر کی ۔

اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس دن کا قومی اسمبلی کا مصدقہ ایام کار کی تفصیل قومی اسمبلی کے سیکریٹری کے ذریعے طلب کرنے کی درخواست کو منظور کیا جائے اور وزیراعظم نے بحیثیت ممبر قومی اسمبلی اور بحیثیت وزیر اعظم جو تقریر کی اس کی مصدقہ کاپی اور اپنی تقریر میں دیگر تفصیلا ت جو اگر فلور پررکھی گئی ہیں یا سپیکر کے چیمبر میں جمع کرائی گئی ہیں،نیز ان تمام ذرائع کی تفصیل جن سے لندن کے فلیٹس خریدنے کا اپنی تقریر میں ذکر کیا ہے ان کی تفصیلات بھی طلب کرنے کی درخواست منظور کی جائے ۔

(جاری ہے)

جماعت اسلامی نے اپنی درخواست کے ساتھ مئورخہ 16مئی 2016کا قومی اسمبلی کا ایجنڈا اور تقریر کا پرنٹ بھی منسلک کیا ہے۔توقع ہے کہ جماعت اسلامی کی نئی دائر کی جانے والی درخواست مورخہ 23جنوری کو پانامہ لیکس کیس میں جماعت اسلامی کے وکیل کے دلائل کے دوران زیر بحث آئے گی ۔