سراج الحق سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کے رہنمائوں کی ملاقات

اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس کاد عوت نامہ پہنچایا

ہفتہ 21 جنوری 2017 21:12

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے عالمی مجلس تحفظ ختم نبوتؐ کے مرکزی رہنما مولانا اللہ وسایا ، جے یو آئی کے رہنما مولانا امجد خان اور مولانا عزیز الرحمن نے منصورہ میں امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے ملاقات کی اور انہیں یکم فروری کو قانون تحفظ ناموس رسالت ؐ کے سلسلے میں اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کاد عوت نامہ پہنچایا ۔

اس موقع پر شیخ الحدیث مولانا عبدالمالک اور مولانا قطب بھی موجودتھے ۔ سینیٹر سراج الحق نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ امت مسلمہ کا اہم مسئلہ ہے ہم سینیٹ اور اسمبلی میں بھی اس مسئلے کو اٹھاتے رہتے ہیں لیکن لبرلز کو سمجھ نہیں آتی وہ کیوں اس کے پیچھے پڑے ہوئے ہیں ۔

(جاری ہے)

ہم اس مسئلے میں آپ کے ساتھ ہیں۔دریں اثنا جماعت اسلامی ضلع شیخوپورہ کی تحصیل صفدر آباد سے تعلق رکھنے والے کارکنان نے امیر ضلع سرفراز احمد خان ، قیم ضلع زاہد عمران کوروٹانہ اور میاں اسد اللہ کی قیادت میں ملاقات کی ۔

سینیٹر سراج الحق نے کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان پر مسلط کرپٹ اشرافیہ ایسٹ انڈیا کمپنی کا تسلسل ہے ۔ وڈیروں ، جاگیرداروں نے انگریز سے وفاداری اور قوم سے غداری کے بل بوتے پر جاگیریں حاصل کیں ۔آج سندھ، پنجاب ،بلوچستان تک سردار ، وڈیرے ، چوہدری عوام پر ظلم و ستم کے پہاڑ ڈھا رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ ملک میں وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم سے غربت ، بے روزگاری ، لاقانونیت بڑھ رہی ہے جبکہ ہمارے حکمرانوں کے شاہانہ اخراجات میں اور زیادہ اضافہ ہورہاہے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نظام حکومت کے قیام کے لیے جدوجہد کر رہی ہے ۔قوم ہمارا ساتھ دے تو انشاء اللہ پاکستان کو خوشحالی و ترقی کا گہوارہ بنادیں گے ۔

متعلقہ عنوان :