قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کے احساس محرومی کے خاتمے اور حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے‘پارٹی نے عملی طور پر پختونوں کو نئی امید اور ان کے تعمیر و ترقی کو نئی جہت دی ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں انقلاب لائی جاسکے

سینئر صوبائی وزیراورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائوکا اجلاس سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:48

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) سینئر صوبائی وزیراورقومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائونے کہا ہے کہ قومی وطن پارٹی حقیقی معنوں میں پختونوں کے احساس محرومی کے خاتمے اور حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کر رہی ہے۔انھوں نے کہا کہ پارٹی نے عملی طور پر پختونوں کو ایک نئی امید اور ان کے تعمیر و ترقی کو نئی جہت دی ہے تاکہ ان کی زندگیوں میں انقلاب لائی جاسکے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے وطن کور پشاور میں حلقہ PK-22کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر معاون خصوصی برائے فنی تعلیم ارشد خان عمرزئی،سابقہ ممبر اسمبلی بابر علی خان او رپارٹی رہنماء محمد جان گیگیانی کے علاوہ حلقہ کے پارٹی عہدیدار اور عوامی نمائندے موجود تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پارٹی کی تنظیمی امور اور رابطہ عوام مہم کے حوالے تفصیلی بات چیت ہوئی۔

سکندر شیرپائونے کہا کہ ہم خالی نعروں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ عملی جدوجہد کے ذریعے پختونوں کیلئے ایک نئی صبح اور درخشاں مستقبل کیلئے نبردآزما ہیں ۔انھوں نے کہا کہ پختونوں کو معاشرے میں اعلیٰ و ارفع مقام دلانا اورعالمی سطح پر ان کو ایک باوقار حیثیت حاصل کرنا ہمارا نصب العین ہے کیونکہ ہم چاہتے ہیں کہ پختونوں میں نہ صرف مثبت سوچ کو فروغ دے بلکہ عالمی سطح پر بھی ان کے بارے میں مثبت سوچ پیدا کرے۔

انھوں نے کہا کہ پختون ملک کی دوسری بڑی آبادی ہیں اور انھوں نے ہمیشہ قومی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے لیکن اس تناسب سے ان کو وہ پزیرائی نہیں ملی جو ملنی چاہیے۔انھوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی ہر فورم اور ہر محاذ پر پختونوں کے حقوق و بہبود کیلئے جدوجہد کرے گی اور اس سلسلے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کیا جا ئے گا۔