غیر تسلی بخش کارکردگی ایم ڈی واٹربورڈنے پر 3ایگزیکٹو انجینئر ، 4 سب انجینئرز سمیت واٹربورڈ کے 12ملازمین کا تبادلہ کردیا

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:47

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) ایم ڈی واٹربورڈ مصباح الدین فرید نے غیر تسلی بخش کارکردگی پر 3ایگزیکٹو انجینئر اور 4 سب انجینئروں سمیت واٹربورڈ کے 12ملازمین کا تبادلہ کران کو اپنے متعلقہ شعبہ جات میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے ،ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے کو ہدایت کی ہے کہ ادارے میں نظم ونسق کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں ڈی ایم ڈیز اور چیف انجینئرز ڈائریکٹرز سمیت دیگر افسران دفتری اوقات کار میں دفتروں میں اپنی موجودگی لازمی بنائیں غیر حاضر رہنے والے ،بدعنوانی میں ملوث،غفلت اور غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ملازمین کے خلاف بھرپور کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے ،تفصیلات کے مطابق ایم ڈی واٹربورڈ نے ڈی ایم ڈی ٹیکنیکل سروسز کی سفارشات کی روشنی میں غیر تسلی بخش کارکردگی کا مظاہرہ کرنے پر متعدد اہلکاروں کا تبادلے کران کو اپنے متعلقہ شعبہ جات میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی ہے تبادلے کئے جانے والوں میں حب ٹرنک مین کے ایگزیکٹیو انجینئر طاہر علی خان ،سب انجینئر محمد ریحان ،سپروائزر محمد نعمان خان ،کے ڈی سول ٹو کے ایگزیکٹیو انجینئر ( سول) جاوید احمد ،کمینیکل کے مسرت ذکی ،سب انجینئر مرزا عاصم بیگ ، کے ڈی سول ون کے سب انجینئر خالد ،کاشف ،سپروائزر حیدر عابدی ،شمس الدین ،فور مین طفیل احمد اور سیکورٹی آرمڈ گارڈ مہراللہ شامل ہیں ،ایم ڈی واٹربورڈ نے کہا ہے کہ واٹربورڈ میں نظم ضبط کے قیام میں کسی مصلحت سے کام نہیں لیا جائے، ایک مکتوب میں انہوںنے ڈی ایم ڈیز ، چیف انجینئرز ،سپرنٹنڈنگ انجینئرز اور ڈائریکٹروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے ماتحت ملازمین کی حاضری چیک کریں اور ان سے وقت کی پابندی کرائیں ،انہوں نے ڈی ایم ڈی ایچ آر ڈی اینڈ اے کو ہدایت کی کہ مختلف شعبہ جات کے افسران اور ان کے ماتحت عملے سے متعلق کارکردگی رپورٹ مرتب کرکے ایم ڈی سیکریٹریٹ روانہ کی جائے ۔