بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب میں شاندار استقبال دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ،مولا بخش چانڈیو

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) مشیر اطلاعات سندھ مولا بخش چانڈیو نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری کا پنجاب میں شاندار استقبال دیکھ کر مخالفین کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں ۔شکر ہے کہ حمزہ شہباز شریف کو خیال آگیا کہ وہ بھی مسلم لیگ (ن) کے رکن ہیں ۔پاناما لیکس پر وزراء وزیراعظم کا دفاع کرتے رہے جبکہ حمزہ شہباز شریف کی خاموشی افسوسناک ہے ۔

ہفتہ کو جاری بیان میں مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ حمزہ شہباز شریف کو دوسروں پر تنقید کرنے سے پہلے اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے ۔

(جاری ہے)

سب کو پتہ ہے کہ ترکی کی کمپنیاں کہاں کا کچرہ صاف کررہی ہیں ۔انہیں پنجاب کے عوام کی نہیں اپنے پولٹری فارموں کی زیادہ فکر رہتی ہے ۔انہوںنے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثارعلی خان کو ماضی پر بات کرنے سے پہلے ملک کی حالیہ صورتحال پر جواب دینا چاہیے ۔میں تو اکثر کہتا ہوں کہ میاں صاحب کے اپنے ہی ان کے دشمن ہیں ۔مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کا ملک اور قوم کے لیے امید نو بننا مخالفوں سے ہضم نہیں ہو رہا ہے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری مخالفوں کے لیے سیاسی خوف کا نیا نام بن چکے ہیں ۔