بلاول بھٹو کا صوبائی وزیر امداد پتافی کی خاتون رکن سے نا زیبا گفتگو پر سخت برہمی کا اظہار ،شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت

امداد پتافی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اختیار کیا گیا رویہ ناقابل قبول ہے،مافی مانگیں ‘ بختاور بھٹو بھی صوبائی وزیر پر برس پڑیں بلاول بھٹو امداد پتافی کو پا رٹی سے نکالیں تو مانوں گی واقعی اپنی ما ں کی طرح مثال قائم کی ہے ‘ نصرت سحر عباسی کا موقف

ہفتہ 21 جنوری 2017 20:45

لاہو ر/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صوبائی وزیر امداد پتافی کی خاتون رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی سے نا زیبا گفتگو پرسخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے شوکاز نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کر دی ،جبکہ بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو نے بھی سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی وزیر امداد پتافی کی جانب سے سندھ اسمبلی میں اختیار کیا گیا رویہ ناقابل قبول ہے۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے صوبائی وزیر ورک اینڈ سروسز امداد پتافی کی طرف سے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں فنکشنل لیگ کی رکن اسمبلی نصرت سحر عباسی سے اپنائے گئے رویے پر سخت ناراضی کااظہار کرتے ہوئے امداد پتافی کو شوکاز نو ٹس جا ری کرنے کی ہدایت کر دی ہے ۔

(جاری ہے)

پارٹی سربراہ نے سینئر رہنما نثار کھوڑو سے اس معاملے پر رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔

جبکہ نصرت سحر عباسی نے کہا کہ میں نو ٹس لیے جانے سے ہرگز مطمئن نہیں ہوں ،صرف معافی نہ منگوائی جائے بلکہ امداد پتافی کی پارٹی رکنیت معطل کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو امداد پتافی کو پا رٹی سے نکالیں تو پھر مانوں گی کہ بلاول نے واقعی اپنی ما ں کی طرح مثال قائم کی ہے ۔دوسری طرف بلاول بھٹو کی ہمشیرہ بختاور بھٹو زرداری نے سوشل ویب سائٹ پر سخت ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ امداد پتافی کا رویہ غیر اخلاقی تھا انہیں لازمی طور پر اپنے رویے پر معافی مانگنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ امداد پتافی کا رویہ پارٹی اقدار اور خواتین کو مضبوط بنانے والی پارٹی پالیسی کے خلاف ہے۔بختاور بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئیٹ میں امداد پتافی کونصرت سحر عباسی سے معافی مانگنے کی ہدایت بھی کی۔