جماعت اسلامی کے وکیل نے سپریم کورٹ میں زیر سماعت دستوری درخواست کی حمایت میں متفرق درخواست دائر کردی

ہفتہ 21 جنوری 2017 19:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پانامہ لیکس کیس میں سینیٹر سراج الحق امیر جماعتِ اسلامی پاکستان کے وکیل توفیق آصف ایڈووکیٹ نے جماعتِ اسلامی کی زیر سماعت دستوری درخواست نمبر 03/2017 کی حمایت میں متفرق درخواست دائر کردی ۔ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق اس درخواست میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم نے پانامہ لیکس میں آنے والی تفصیلات پر16مئی 2016کو قومی اسمبلی کے فلور پر تقر یر کی ۔

اس کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کرنے کے لیے ضروری ہے کہ ان دن کا قومی اسمبلی کا مصدقہ ایام کار کی تفصیل قومی اسمبلی کے سیکریٹری کے ذریعے طلب کرنے کی درخواست کو منظور کیا جائے اور وزیراعظم نے بحیثیت ممبر قومی اسمبلی اور بحیثیت وزیر اعظم جو تقریر کی اس کی مصدقہ کاپی اور اپنی تقریر میں دیگر تفصیلا ت جو کہ فلور پراگر رکھی گئی ہیں یا سپیکر کے چیمبر میں جمع کرائی گئی ہیںان کی تفصیلات بھی طلب کرنے کی درخواست منظور کی جائے نیز ان تمام ذرائع کی تفصیل جن سے لندن کے فلیٹس خریدنے کا اپنی تقریر میں ذکر کیا ہے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق جماعت اسلامی نے اپنی درخواست کے ساتھ مورخہ 16مئی 2016کا قومی اسمبلی کا ایجنڈا اور تقریر کا پرنٹ بھی منسلک کیا ہے۔ جماعت نے توقع ظاہر کی ہے کہ جماعت اسلامی کی نئی دائر کی جانے والی درخواست مورخہ 23جنوری کو پانامہ لیکس کیس میں جماعت اسلامی کے وکیل کے دلائل کے دوران زیر بحث آئے گی ۔(اع)