Live Updates

بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور وہاں کے حالات پہلے کے مقابلہ میں بہت بہتر ہیں، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ہنگامہ آرائی کی سیاست کو ترک کرکے ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، سی پیک منصوبہ سے بلوچستان کی تقدیر بدلے گی، مسلم لیگ (ن) نے چاروں صوبوں میں ہم آہنگی، سیاسی بصیرت کا شاندار مظاہرہ کیا

وزیر اعلی بلوچستان سردار نواب ثنا اللہ خان زہری کا پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 21 جنوری 2017 19:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) وزیر اعلی بلوچستان سردار نواب ثنا اللہ خان زہری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے حالات پہلے کے مقابلہ میں بہت بہتر ہیں، بلوچستان میں اب پرامن اور بہتر فضاء قائم ہوچکی ہے، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان ہنگامہ آرائی اور جھوٹ کی سیاست کو ترک کرکے ملک کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں، عمران خان ساڑھے تین سال سے بے یقینی، اور بدامنی پھیلا رہے ہیں، ان کے منفی رویہ سے بلوچستان کے عوام انتہائی ناخوش ہیں، سی پیک منصوبہ سے بلوچستان کی تقدیر بدلے گی۔

وہ ہفتہ کو بلوچستان ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے ۔اس موقع پر وفاقی وزیر سیفران لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقادر بلوچ اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ آپ لوگوں کو بلوچستان کے حوالہ سے حقائق سے آگاہ کرنے آیا ہوں، مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے نمائندے یہاں موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز نوازشریف نے جلاوطنی میں اعلان کیا تھا کہ وہ اقدار کی سیاست کریں گے،ہم آہنگی اور یکجہتی پیداکرنے کے لیے وزیراعظم نے بلوچستان میں دوسری پارٹی کا وزیراعلیٰ بنوایا، وزیراعظم خیبر پختونخوا میں بھی پی ٹی آئی کو اکثریت کی بنا پر وہاں پر انہیں حکومت کرنے کا موقع دیا۔

مسلم لیگ (ن) نے چاروں صوبوں میں ہم آہنگی، سیاسی بصیرت کا شاندار مظاہرہ کیا، عوام نواز شریف کو بہادر لیڈر مانتے ہیں اور انہیں وفاق کی علامت سمجھتے ہیں، وزیراعظم نے بلوچستان سے مایوسی اور ناامیدی کا خاتمہ کیا، جب بھی ترقی کا عمل شروع ہوتا ہے تو سازشوں کا بھی آغاز ہوجاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2013ء کا بلوچستان سے آج کا بوچستان زیادہ پرامن اور بہتر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک نے بلوچستان کے عوام کو نئی امنگ دی ہے، سی پیک منصوبہ سے بلوچستان کی تقدیر بدلے گی، جی سی سی میں بلوچستان کے بارہ منصوبوں کو شامل کیا گیا ہے اسی طرح وہاں پر ڈسپلے سنٹر بھی قائم کررہے ہیں، 650 میگاواٹ کا بجلی کا پلانٹ لگایا جارہا ہے، بلوچستان میں تعمیر و ترقی، روزگار، تعلیم و صحت جیسے ترقی ہو رہی ہے تاہم ایک شخص الزامات اور گالی گلوچ کی سیاست میں مصروف ہے، وہ ساڑھے تین سال سے جھوٹ کا کاروبار کرہا ہے لیکن ان کا یہ کاروبار اب زیادہ دیر نہیں چلے گا، عمران خان ساڑھے تین سال سے نوجوانوں میں بے یقینی اور بدامنی کی فضاء پھیلا رہے ہیں، ڈی چوک کے ناکام دھرنے کے حوالے سے عوام کا حافظہ کمزور نہیں ہوا، ان کی منفی اور عوام دشمن پالیسیوں سے لوگ انتہائی ناخوش ہیں، وہ غیر سنجیدہ سیاست سے باز آئیں، ان کے صوبہ کے عوام جہاں پر ان کی پارٹی کی حکومت ہے ان کے ڈراموں کی سیاست کو مسترد کرچکے ہیں۔

ایک سوال جواب میں وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ 2013ء کے انتخابات کے بعد جس طرح ہم نے وہاں کے حالات ٹھیک کرائے، بلوچستان سے تمام ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کا خاتمہ کیا اور اب وہاں پر پرامن فضاء قائم ہورہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں 70 سال سے ترقی نہیں ہو رہی تھی اور عوام میں بے چینی پھیلی ہوئی تھی، ہماری حکومت آنے کے بعد وہاں پر ترقی کا عمل شروع ہوچکا ہے، ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتے ہیں، ہم نے 25 ہزار آسامیاں پیدا کی ہیں۔

ایک سوال کے جوا ب میں وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ میرے دور حکومت میں کوئی میگا کرپشن سکینڈل نہیں آیا، ہم وہاں پر شفاف طریقے سے نظام کو چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں 2002ء سے 2011ء تک دہشت گردی کا سامنا رہا ہے لیکن اب بلوچستان کے حالات سازگار ہیں اور ہمارا ملک مزید دہشت گردی کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں سیمینار منعقد کرایا جس میں ہم نے ملک کے نامور صحافیوں کو مدعو کیا، خضدار وہ شہر تھا جہاں پر تین تین ماہ تک دکانیں بند رہتی تھیں، پہلے کوئٹہ سے گوادر تک جانے میں زیادہ وقت لگتا تھا آج سی پیک کی وجہ سے یہ سفر ہم آٹھ گھنٹے میں طے کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے، ہماری خوش قسمتی ہے کہ اگر گوادر نہ ہوتا تو سی پیک بھی نہ ہوتا۔ سی پیک پورے ملک میں ترقی کے ثمرات لا رہا ہے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے کہا کہ ناراض بلوچوں کیلئے ڈائیلاگ کے دروازے کھلے ہیں، بہت سارے لوگ واپس آرہے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات