شاہ محمود قریشی پانامہ لیکس سیکنڈل پررائے عامہ ہموار کرنے موٹر سائیکل پر میدان میں نکل کھڑے ہوئے، پورے حلقے کا چکر لگایا اور جگہ جگہ رک کر ملکی حالات خصوصا پانامہ لیکس پر عوام سے بات چیت

ہفتہ 21 جنوری 2017 18:46

شاہ محمود قریشی پانامہ لیکس سیکنڈل پررائے عامہ ہموار کرنے موٹر سائیکل ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پانامہ لیکس سیکنڈل پررائے عامہ ہموار کرنے موٹر سائیکل پر میدان میں نکل کھڑے ہوئے۔ ہفتہ کو انہوں نے ملتان میں موٹر سائیکل پر سوار ہوکر پورے حلقے کا چکر لگایا اور جگہ جگہ رک کر ملکی حالات خصوصا پانامہ لیکس پر عوام سے بات چیت کی۔

اس موقع پربات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میں نے تکلفات ایک طرف رکھتے ہوئے خود عوام سے ملنے اور انکی رائے لینے کا فیصلہ کیا اور میں نے ملتان کے گلی کوچوں میں کرپشن کیخلاف نفرت دیکھی ہے۔ شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ عوام پانامہ لیکس پر عمران خان کے مو قف کی کھل کر تائید کررہے ہیں۔اور میرے حلقے کے لوگ اسلام آباد سے خوشی کی نوید کے منتظر ہیں۔

(جاری ہے)

شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا تھا کہ آئندہ نسلوں کے نمائندہ نوجوان کرپٹ حکمران خاندان کیخلاف بڑے فیصلے کی توقع کر رہے ہیں۔ہر عمر کا پاکستانی ملک سے کرپشن اور لوٹ مار کا ہر قیمت پر خاتمہ چاہتا ہے۔جنوبی پنجاب کے یہ باشندے پنجاب حکومت سے استحصال اور امتیازی سلوک پر بھی نالاں ہیں اور ان کے دلوں میں حکمرانوں کیخلاف غیض و غضب پایا جاتا ہے۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملتان کے باسیوں نے آج عمران خان اور تحریک انصاف سے اپنی الفت کا برملا اظہار کیاہے۔ آج کی ملاقاتوں سے انتہائی خوش اور مطمئن ہوں کہ عوام بیدار اور باشعور ہیں ۔ شاہ محمود قریشی نے پر امید لہجے میں کہا کہ عوام میں حقیقی شعور دیکھ کر یقین سے کہتا ہوں کہ ہمارا مستقبل تابناک ہے۔(ع ع)