ٹیلی میڈیسن کمپنی دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کے لئے مسیحا کا کردار ادا کر رہی ہے، ملک ابرار

ہفتہ 21 جنوری 2017 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) قومی اسمبلی کے رکن ملک ابرار نے کہا ہے کہ سنگا پور کی ٹیلی میڈیسن کمپنی دور دراز کے علاقوں کے لوگوں کے لئے مسیحا کا کردار ادا کر رہی ہے ۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کو یہاں سنگا پور سے تعلق رکھنے والی ٹیلی میڈیسن کمپنی رنگ ایم ڈی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا مقصد عوام الناس اور شراکت داروں میں ٹیلی میڈیسن کے بارے میں آگاہی پیدا کرنا تھا ۔

انہوں نے کہا کہ صحت بنیادی انسانی ضرورت ہے ۔ ٹیلی میڈیسن نے دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والوں کو اچھے اور قابل معا لجین تک رسائی کو یقینی بنا دیا ہے جب کہ اس سے قبل دور دراز اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو سینکڑوں کلو میٹر کا سفر کرنا پڑتا تھا ۔ انہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ ٹیلی میڈیسن کمپنی رنگ ایم ڈی سے تعاون کریں۔

(جاری ہے)

رنگ ایم ڈی پاکستان کے سربراہ حسن چٹھہ نے اس موقع پر کہا کہ رنگ ایم ڈی بر وقت طبی مشورے دے کر زندگیاں بچانے میں کوشاں ہے ۔

انہوں نے ٹیلی میڈیسن کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کئی سالوں کی تحقیق کے بعد ٹیلی میڈیسن اور موبائل ہسپتال بارے پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ رنگ ایم ڈی کی بدولت کوئی بھی مریض دنیا بھر کے کسی بھی ڈاکٹر سے رابطہ کر سکتا ہے اور رنگ ایم ڈی کے ذریعے معیاری علاج کروا کر صحت یاب ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ہرنگ ایم ڈی نے وین پر ہسپتال کا یہ اقدام مکمل سروے اور تجربات کے بعد اٹھانا ہے ۔ انہوں نے عوام الناس پر زور دیا کہ وہ بیماریوں کے علاج کی اس جدید مشاورتی سہولت سے فائدہ اٹھائیں۔

متعلقہ عنوان :