وزیر مملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کی پارا چنار میں دھماکے کی شدید مذمت، جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور ہمدردی کا اظہار

ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، حکومت آخری دہشتگرد کو ختم کرکے دم لے گی، امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، وزیر مملکت کا بیان

ہفتہ 21 جنوری 2017 18:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) وزیر مملکت اطلاعات ، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے پارا چنار میں دھماکے کی شدید مذمت اور جاں بحق افراد کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے بزدلانہ حملے پاکستانی قوم کے حوصلے پست نہیں کرسکتے، حکومت آخری دہشتگرد کو ختم کرکے دم لے گی، امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔

(جاری ہے)

ہفتہ کو یہاں جاری بیان میں وزیر مملکت نے کرم ایجنسی کے شہر پارا چنار میں بم دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا کہ معصوم شہریوں کو نشانہ بنانا بربریت ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ایسی کارروائیاں کرنے والے ملک کی ترقی اور امن کے دشمن ہیں، پاکستان کے عوام دشمنوں کے عزائم کا حوصلے سے مقابلہ کررہے ہیں۔ وزیر مملکت نے کہا کہ حکومت آخری دہشتگرد کو ختم کرکے دم لے گی اور امن کے دشمنوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر مملکت نے جاں بحق افراد کے خاندانوں سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور زخمیوں ہونے والے کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔