امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر نے سیکرٹری جنرل رابطہ عالمی اسلامی اور وفد کو استقبالیہ دیا، اہم شخصیات کی شرکت

سعودی عرب کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت ،تائید کرتا ہے ،رابطہ عالم اسلامی کے ساری دنیا میں دفاترکشمیریوں کیلئے حاضر ہیں ،محمد بن کریم العیسیٰ مسلمانوں میں اختلاف رائے کا ہونا مسئلہ نہیں ہے لیکن اختلاف رائے کو دشمنی میں بدلنا غیر اسلامی طرز عمل ہے میں ، خطاب جلد سرینگر میں فتح اور پاکستان کا پرچم لہرائیگا، سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ، بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے ،سردار محمد مسعود کشمیر میں بھارت اسرائیل کے کمانڈوز اور ٹیکنالوجی سے مدد لے رہا ہے،ان کے اتحادکی پوری امت مخالف ہے، عبدالرشید ترابی

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کی طرف سے رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد بن کریم العیسیٰ اور ان کے ہمراہ آئے ہوئے وفد کو استقبالیہ دیا ،استقبالیہ میں سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان،جمعیت علماء اسلام کے امیر مولانا سعید یوسف،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل چوہدری لطیف اکبر،حریت کانفرنس کے غلام محمد صفی،محمود ساغر،رفیق ڈار،الطاف بٹ ،شمیمہ شال،پروفیسر نذیر شال،اسلامی ممالک کے کئی سفراء شریک ہوئے،اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے سیکرٹری جنرل محمد بن کریم العیسی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھرپور حمایت اور تائید کرتا ہے ،رابطہ عالم اسلامی کے ساری دنیا میں دفاترکشمیریوں کے لیے حاضر ہیں ،کشمیری اور سعودی عرب کے عوام بھائی بھائی ہیں ہم ان کے ساتھ ہیں انہوں نے کہا کہ اسلام امن کا مذہب ہے بھائی چارے کا مذہب ہے ہم اللہ کے اس پیغام کو پوری دنیا میں پہنچائیں گے ،قرآن کریم کی تعلیمات عام کرنے کی ضرورت ہے مسلمانوں میں اختلاف رائے کا ہونا مسئلہ نہیں ہے لیکن اختلاف رائے کو دشمنی میں بدلنا غیر اسلامی طرز عمل ہے میں عبدالرشید ترابی امیر جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس تقریب کا انعقاد کیا اور مسئلہ کشمیر کی تازہ ترین صور ت حال سے آگاہ کیا،اہل سعودیہ کشمیریوں کے شانہ بشانہ ہیں ،جب تک کشمیریوں کو حق خودارادیت نہیں مل جاتا اس وقت کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہیں گے ،استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیرکے صدر سردار محمد مسعود خان نے کہا ہے کہ میں امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر و ممبر اسمبلی عبدالرشید ترابی کا شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اس طرح کی تقریب کا انعقاد کیا اور عبدالرشید ترابی مسئلہ کشمیر کے متحرک کردار ہیں سردار مسعود نے کہا کہ جلد سری نگر میں فتح اور پاکستان کا پرچم لہرائے گا سعودی عرب نے ہمیشہ کشمیریوں کی حمایت کی ہے بھارت مقبوضہ کشمیر میں بدترین ریاستی دہشت گردی کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری اس کا نوٹس لے،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے کہا ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا ،وہ خوش آئندہے لیکن ہندوستان کبھی بھی نہیں چاہتا کہ کشمیر یوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے استصواب رائے کرائے ،ہندوستان نے مقبوضہ کشمیر پر جبراً قبضہ کر رکھا ہے ،ہندوستان اسرائیلی طرز پر مقبوضہ کشمیرمیں مسلم اکثریتی آبادی کو اقلیت میں بدلنے کی سازش کررہا ہے کشمیر کے بچے بچے نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ آزادی سے کم کوئی حل قبول نہیں کریں گے ہم کشمیریوں کی اس جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں آزاد حکومت نے شہداء ٹرسٹ قائم کیا ہے اس ٹرسٹ کے ذریعے شہداء کے لواحقین سمیت دیگر متاثرین کی دیکھ بھال کریں گے،انہوں نے کہا کہ برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد کشمیرمیں ایک نئی لہراٹھی ہے جس میں بچے بوڑھے اور خواتین سب شامل ہیں ،انہوں نے کہا کہ اسلام پر امن مذہب ہے اس کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے ہندوستان ایک سازش کے تحت آزادی کی تحریک کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کی سازش کررہا ہے جب کہ کشمیری اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے بنیادی اور پیدائشی حق کے حصول کے لیے جدوجہد کررہے ہیں ،تقریب کے میزبان امیر جماعت اسلامی و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا کہ سعودی عرب اور اہل سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں کشمیریوں کا ساتھ دیا ہے ،سعودی عرب اور حرمین شرفین کی حفاظت کرنا ہر مسلمان پر فرض ہے کشمیری بھائی جس طرح اپنی آزادی کے لیے جدوجہد کررہے ہیں اسی طرح سعودی عرب اور حرمین شرفین کے دفاع کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے،سعودی عرب کے ساتھ ہمارا ایمان کا رشتہ ہے اور اس کی سلامتی اور بقاء کے لیے ہم ہمیشہ حاضر رہیں گے انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے زلزلہ کے موقع پر بھی کشمیریوں کی بے پناہ خدمت کی ہے اور ان کی بحالی کے لیے آج تک کردار ادا کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر تقسیم برصغیر کا نا مکمل ایجنڈا ہے اس کی تکمیل تک جدوجہد جاری رہے گی انہوں نے رابطہ عالم اسلامی سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیر پر عالمی کانفرنس بلوائیں رابطہ عالم اسلامی کے زیر اہتمام ایک فیکٹ فائینڈنگ مشن مقبوضہ کشمیر بھیجا جائے تا کہ وہ بھارتی جرائم کی رپورٹ تیا ر کرے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ کشمیر میں بھارت اسرائیل کے کمانڈوز اور اس کی ٹیکنالوجی سے مدد لے رہا ہے اسرائیل اور ہندوستان کا اتحاد پوری امت کے خلاف ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 6ماہ سے مکمل کرفیو کا نفاذ ہے کالے قوانین کے ذریعے بھارتی افواج انسانوں کا خون بہا رہی ہے ،عبدالرشید ترابی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں 85فیصد مسلمان آبادی ہے اور جب برصغیر تقسیم ہوا تو یہ طے کیا گیا تھا کہ مسلم اکثریتی علاقے پاکستان کے ساتھ ہوں گے لیکن ہندوستان نے جبراً کشمیر پر قبضہ کیا،کشمیری مکمل آزادی تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے ،سعودی عرب کی حکومت اور عوام سے توقع رکھتے ہیں کہ وہ کشمیریوں کی آزادی تک ان کے شانہ بشانہ رہیں گے ۔