جدہ میں دو عسکریت پسندوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا

فورسز کا جدہ میں ایک گھر کا محاصرہ ، عسکریت پسندوں کی فائرنگ،سعودی وزارت داخلہ کا موقف نہیں آیا

ہفتہ 21 جنوری 2017 16:26

جدہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء) سعودی عرب کے شہر جدہ میں سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 عسکریت پسندوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جدہ میں ایک گھر کا محاصرہ کیا، جہاں موجود عسکریت پسندوں نے فائرنگ شروع کردی۔سعودی شاہی نظام کے وزارتِ داخلہ کی ویب سائٹ کے مطابق بعد ازاں عسکریت پسندوں نے خود کو دھماکے سے اڑالیا۔

(جاری ہے)

دوسری جانب جدہ کے مشرقی حصے میں ہونے والے اس واقعے کی ویڈیو نشر کی گئی، تاہم واقعے پر سعودی وزارت داخلہ کا مؤقف اب تک سامنے نہیں آسکا۔واضح رہے کہ داعش کی جانب سے 2014 کے وسط سے سعودی عرب میں بم دھماکوں اور حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں متعدد سیکیورٹی اہلکاروں سمیت کئی افراد مارے جاچکے ہیں۔گذشتہ سال جدہ میں امریکی قونصلیٹ کے نزدیک ہونے والے خودکش دھماکے میں بھی دو افراد زخمی ہوگئے تھے، واضح رہے کہ کئی سالوں بعد یہ پہلا موقع تھا جب عسکریت پسندوں کی جانب سے سعودی عرب میں موجود غیر ملکی افراد کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی۔