Live Updates

دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ،عمران خان

ہفتہ 21 جنوری 2017 15:00

دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ،عمران خان
پشاور، اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ، گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفرجھگڑا ، مشیر اطلاعات خیبرپختونخواہ مشتاق غنی اور سابق صدر آصف علی زرداری سمیت دیگر رہنمائوں کی جانب سے پارا چنار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے ، جلد ہی پاکستان میں دہشت گردی کا خاتمہ کرکے دہشت گردوں کو نشان عبرت بنا دینگے۔

تفصیلات کے مطابق گورنر خیبرپختونخواہ اقبال ظفرجھگڑا نے پارا چنار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک دہشت گردی کیخلاف جنگ جاری رہے گی ۔مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا مشتاق غنی نے پاراچنار دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پشاور سمیت متاثرہ علاقے میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے اور پارا چنار سبزی منڈی میں پھٹنے والا دھماکہ خیز مواد گاڑی میں نصب کیا گیا تھا ،انہوں نے کہاکہ زخمیوں کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مشیر اطلاعات کے مطابق دھماکہ رش میں کیا گیا تاکہ جانی نقصان زیادہ ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اپنے قبائلی بھائیوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہیں۔تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارا چنار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ نہتے شہریوں پر بزدلانہ حملے کسی صورت قبول نہیںکرینگے ، آگ و خون کی ہولی کھیلنے والے قوم کے دشمن ہیں ، شرپسندوں کو قانون کی گرفت میں لاکر نشان عبرت بنایا جائے جبکہ عمران خان نے خیبرپختواہ حکومت کو بھی ہدایت کی کہ پارا چنار دھماکے کے زخمیوں کو خیبرپختونخواہ کے ہسپتالوں میں بہترین طبی امداد و سہولیات فراہم کی جائیں ۔

اس کے علاوہ عمران خان نے شہداء کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کی ۔سابق صدر آصف علی زرداری نے بھی پارا چنار دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد کبھی بھی اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے اور پاکستان میں جلد ہی دہشت گردی کا خاتمہ ہو جائے گا ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :