امریکیوں نے ٹرمپ کو دل سے صدر تسلیم نہیں کیا،واشنگٹن سمیت مختلف شہروں میںاحتجاجی مظاہرے جاری

ٹرمپ کے امریکی صدارت سنبھالنے کے خلاف آسٹریلیا میں بھی بڑا احتجاجی مظاہرہ

ہفتہ 21 جنوری 2017 14:58

واشنگٹن /سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 جنوری2017ء) امریکیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو دل سے صدر تسلیم نہیں کیا،واشنگٹن سمیت مختلف شہروں میں ٹرمپ مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ،آسٹریلیا میں بھی ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی صدر کا عہدہ باضابطہ طور پر سنبھالنے کے بعد کام شروع کردیا ہے تاہم امریکیوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو ابھی تک دل سے صدر تسلیم نہیں کیا۔

واشنگٹن سمیت مختلف شہروں میں ٹرمپ مخالف احتجاجی مظاہرے جاری ہیں۔ڈونلڈ ٹرمپ کے امریکی صدارت سنبھالنے کے خلاف آسٹریلوی شہر سڈنی میں ایک بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا گیا ہے جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ مظاہرین اِس خدشے کا اظہار کر رہے تھے کہ ٹرمپ کے دورِ صدارت کے دوران دنیا بھر میں نفرت اور کٹر رویوں میں اضافہ ہو گا۔

(جاری ہے)

سڈنی کے سینٹرل ہائیڈ پارک میں خواتین کی ایک کثیر تعداد نے بھی ٹرمپ کے خلاف مظاہرے کا اہتمام کیا۔

انہوں نے ایسے بینر اٹھا رکھے تھے، جن پر درج تھا کہ وہ دنیا بھر میں مزاحمت کریں گی، نسائیت ان کا ٹرمپ کارڈ ہے اور وہ لڑکیوں کی طرح لڑیں گی۔ اس احتجاج کی منتظم مینڈی فرائی بینڈ کا کہنا تھا نسلی پرستی صرف امریکا کا مسئلہ نہیں ہے اور ایسے رویوں کے خلاف آج کا احتجاج ایک تحریک کا آغاز ہے۔