میری چھٹی ختم ہونے والی ہے اس لئے مافیا نے میرے واپس آنے سے قبل پراپیگنڈا مہم چلائی ‘ عائشہ ممتاز

ہفتہ 21 جنوری 2017 14:23

میری چھٹی ختم ہونے والی ہے اس لئے مافیا نے میرے واپس آنے سے قبل پراپیگنڈا ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 جنوری2017ء)پنجاب فوڈ اتھارٹی کی سابق ڈائریکٹر آپریشنز عائشہ ممتاز نے کہا ہے کہ میری چھٹی ختم ہونے والی ہے اس لئے مافیا نے میرے واپس آنے سے قبل پراپیگنڈا مہم چلائی ، مجھے جہاں بھی ذمہ داری سونپی جائے گی اسے ایمانداری سے سر انجام دوں گی ، مجھے ابھی تک کسی بھی ادارے کی طرف سے کسی بھی تحقیقات میں شامل ہونے کیلئے تحریری شکل میں کوئی چیز موصول نہیں ہوئی ۔

گزشتہ روز گفتگو کرتے ہوئے عائشہ ممتاز نے کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ایمانداری سے کام کیا ہے ۔ میںکبھی بھی کسی غلط کام کا حصہ بنی ہوں اور نہ اس پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کیا بلکہ اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دئیے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کی زندگیوں اور صحت سے کھیلنے والا مافیا میرے خلاف جھوٹا پراپیگنڈا کر رہا ہے اور کچھ لوگ اس کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

عوام کی دعائوں سے پہلے بھی مافیا کے خلاف جیت ہوئی اور آئندہ بھی اس کے خلاف لڑتے ہوئے کامیابی حاصل کروں گی ۔ عائشہ ممتاز نے کہا کہ میری چھٹی ختم ہونے والی ہے اور مافیا کو ڈر ہے کہ میرے واپس آنے سے دوبارہ ان کے خلاف ایکشن نہ ہو جائے لیکن میں واضح پیغام دینا چاہتی ہوں کہ میں پہلے کبھی ڈری ہوں ، اب ڈروں گی اورنہ آئندہ ڈرنے والی ہوں ۔ اس طرح کی جھوٹی مہم کے ذریعے پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اللہ کی مدد سے اس مافیا کو شکست دوں گی ۔ انہوںنے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ مجھے چھٹی ختم ہونے کے بعد جہاں بھی ڈیوٹی سونپی جائے گی میں اسے ایمانداری سے نبھائوں گی ۔