افغانستان کی سیکیورٹی فورسز کا 53عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ ، قندہار میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی، فرح میں دھماکہ کے نتیجہ میں دو بچے جاں بحق

ہفتہ 21 جنوری 2017 12:33

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) افغانستان کی سیکیورٹی فورسزنے 53عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے، قندہار میں طالبان اور سیکیورٹی فورسز کے درمیان جھڑپوں میں درجنوں افراد ہلاک و زخمی ہوگئے، فرح میں دھماکہ کے نتیجہ میں دو بچے جاں بحق ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق کابل میں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں کارروائیوں کے دوران 53عسکریت پسند ہلاک اورمتعدد زخمی ہوگئے۔

بیان کے مطابق یہ کارروائیاں ملک کے مشرقی ، جنوبی اورشمالی صوبوں میں کی گئیں۔ اس دوران 20عسکریت پسند زخمی ہوگئے جبکہ سیکیورٹی فورسز نے بھاری مقدارمیں اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

مغربی صوبہ فرح میں ایک دھماکہ میں دو بچے جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا۔ صوبائی گورنر کے ترجمان نے بتایا کہ دھماکہ فرح سٹی میں ہوا اور اس میں کم سے کم دو بچے ہلاک ہوگئے تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید تفصیلات نہیں بتائیں، دریں اثناء قندہار کے ضلع میوند میں سیکیورٹی فورسز اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے ۔

گذشتہ روز طالبان کی جانب سے ایک چیک پوسٹ پرحملہ کے بعد علاقے میں سیکیورٹی فورسز اورطالبان کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے۔ حکام کے مطابق ان جھڑپوں میں درجنوں طالبان اور سیکیورٹی اہلکار ہلاک و زخمی ہوچکے ہیں۔