ایران نے ایٹمی معاہدے پر عمل کیا ہے، سلامتی کونسل کی تصدیق

ہفتہ 21 جنوری 2017 09:50

نیویارک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2017ء) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران نے ایٹمی معاہدے کے تعلق سے اپنے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں کہ جو ایٹمی معاہدے پر ایران کے ذریعے پابندی کئے جانے کا جائزہ لینے کے لئے منعقد ہوا تمام ارکان نے اس بات کی تصدیق کی کہ ایران نے اس معاہدے کے تعلق سے اپنے تمام وعدوں پر عمل کیا ہے ۔

العالم ٹی وی کے مطابق سلامتی کونسل کے اجلاس میں یورپی یونین کے نمائندے نے کہا کہ سلامتی کونسل ہر چھے مہینے میں ایک بار ایران کے ساتھ ایٹمی معاہدے کے بارے میں رپورٹ دریافت کرتی ہے ۔ یورپی یونین کے مذکورہ عہدیدار نے یورپی یونین کے شعبہ خارجہ پالیسی کی سربراہ فیڈریکا موگرینی کے حوالے سے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایک عالمی معاہدہ ہے اور اس کا تعلق عالمی برادری سے ہے ۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ میں برطانیہ کے نمائندے نے بھی کہا کہ دنیا ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کے لئے تیار ہے ۔ فرانس کے نمائندے نے بھی کہا کہ ایٹمی معاہدے کے بعد ایران اور فرانس کے تعلقات بہتر ہوئے ہیں ۔ روسی مندوب نے کہا کہ ایٹمی معاہدے پر ایران نے جس طرح سے عمل کیا ہے روس اس سے پوری طرح راضی ہے ۔ اٹلی کے نمائندے نے بھی کہا کہ ایران نے آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے۔

تاہم اقوام متحدہ میں امریکی مندوب سامانتا پاور نے ایران مخالف امریکا کی مخاصمانہ پالیسیوں اور بیانات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ ایٹمی معاہدہ ایران کے دیگر مسائل سے سلامتی کونسل کی توجہ ہٹ جانے کا باعث نہیں بننا چاہئے ۔ اس درمیان اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل جفری فلیٹمین نے کہا ہے کہ ایٹمی معاہدے پر پوری طرح عمل کیا جانا چاہئے - سیاسی امور میں اقوام متحدہ کے ڈپٹی سکریٹری جنرل فلیٹمین نے کہا کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایٹمی معاہدے کے سبھی فریق مساوی طور پر اور نیک نیتی کے ساتھ اس معاہدے پر عمل کریں۔

متعلقہ عنوان :