پاراچنار: سبزی منڈی میں دھماکا، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

Fahad Shabbir فہد شبیر ہفتہ 21 جنوری 2017 09:40

پاراچنار: سبزی منڈی میں دھماکا، 20 افراد جاں بحق، متعدد زخمی

پاراچنار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔21جنوری۔2017ء) پارا چنار عیدگاہ مارکیٹ کے قریب سبزی منڈی میں دھماکے کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں، ایم این اے ساجد طوری کے مطابق دھماکا خیز مواد پہلے سے مارکیٹ میں نصب تھا۔ پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکہ سبزی منڈی میں ہوا۔ جس کے نتیجے میں 20 افراد جاں بحق اور 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے ہیں، جبکہ زخمیوں میں سے پانچ کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے جس سے مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔

(جاری ہے)

ریسکیو حکام نے امدادی کارروائیاں شروع کردیں ہیں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جا رہا ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ کے مطابق دھماکا ریموٹ کنٹرول ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔ پولیس حکام کے مطابق علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کرلیا گیا ہے۔ دوسری جانب وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دکھ اور ہمدری کا اظہار کرتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ہے۔

متعلقہ عنوان :