سول افسران گڈ گورننس اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کریں،انیسہ زیب طاہر خیلی

حکومت صوبائی سروسز کے افسران کو درپیش مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی ، صوبائی وزیر

ہفتہ 21 جنوری 2017 00:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 جنوری2017ء)خیبر پختونخوا کی وزیر معدنی ترقی اور محنت انیسہ زیب طاہر خیلی نے سول سروس کے افسران پر زور دیا ہے کہ وہ عوام اور اس صوبے کی بہتر انداز میں خدمت کرنے کی غرض سے اپنی استعداد بڑھائیں اور عوامی خدمات کی فراہمی کیلئے اپنے فرائض کو احسن طریقے سے نبھائیں۔ موجودہ حکومت صوبائی سروسز کے افسران کو درپیش تمام مسائل کے حل کیلئے سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور اس دور حکومت ہی میں ان کے مسائل ہو سکیں گے۔

صوبے میں صوبائی سروسز اور وفاقی سروسز کے افسران کے مابین درپیش مسائل کے خاتمے کی غرض سے حکومت کی قائم کردہ لاء ریفارمز کمیٹی کی ذیلی تکنیکی کمیٹی نے اپنی مشاورت مکمل کر لی ہے اور اس ضمن میں کمیٹی اپنی سفارشات پر مبنی تفصیلی رپورٹ آئندہ پندرہ دنوں کے دوران لاء ریفارمز کمیٹی کے حوالہ کرے گی جس میں صوبائی سروسز کے افسران کے مطالبات کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام حقائق و انصاف کے تقاضوں کا احاطہ کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز نشتر ہال پشاور میں پی سی ایس آفیسرز ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کی جانب سے منعقد کردہ سول سروس ریفارمز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔کانفرنس سے صوبائی وزیر خزانہ ، متعدد اراکین صوبائی اسمبلی ، ایسوسی ایشن کے عہدیداروں و دیگر افسروں نے بھی خطاب کیا جبکہ کانفرنس میں پی سی ایس اور پی ایم ایس گروپس کے افسران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

کانفرنس سے خطاب کے دوران صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبائی سول سروسز کے افسران اس صوبے کیلئے قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کے مسائل کا ہمیں بخوبی ادراک ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت کا یہ عزم ہے کہ صوبائی سروس میں شامل تمام افسران کے مسائل کا ایک مفید اور پائیدار حل نکالا جائے یہی وجہ ہے کہ ہم اس سلسلے میں آگے کی طرف گامزن ہیں اور انشاء اللہ ہماری ہی حکومت میں ان کے مسائل کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ سول آفیسرز سے قوم کی بڑی امنگیں وابستہ ہیں اس لئے وہ گڈ گورننس اور صوبے کی تعمیر و ترقی میں اپنا نمایاں کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سروسز کے افسران کی بہتری اور اس سروس کو مظبوط بنانا ہماری ذمہ داریوں میں شامل ہے کیونکہ یہ ہمارے صوبے کیلئے بہترین اثاثہ ہیں لہٰذا انہیں بھی مفاد عامہ کی خاطر حکومت کے ساتھ اس صوبے کی خدمت کرنا ہو گی