مردم شماری کا قومی فریضہ انتہائی محنت اور شفافیت کا متقاضی ہیے،ڈویژنل کمشنر

جمعہ 20 جنوری 2017 23:07

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) ڈویژنل کمشنر مومن آغا نے کہا ہے کہ مردم شماری کا قومی فریضہ انتہائی محنت اور شفافیت کا متقاضی ہے لہٰذا مردم شماری سٹاف کی صحیح خطوط پر ٹریننگ کو یقینی بنایا جائے تاکہ وہ اپنی ذمہ داریوں اور اندراجات کے طریقہ کار،قواعد و ضوابط اور اصولوں سے متعلق واضح اور پختہ ادراک رکھیں۔

انہوں نے یہ بات ایک اجلاس کے دوران کہی جس میں پہلے مرحلے کے دوران 15 مارچ کو فیصل آباد ڈویژن میں شروع ہونے والی مردم و خانہ شماری کے ضروری انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ رائے واجد علی،اسسٹنٹ سینسس کمشنر ظہور احمد،سینسس اسسٹنٹ فضل الٰہی سمور، اسسٹنٹ کمشنر(جنرل) مہر شفقت اللہ مشتاق اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے مردم و خانہ شماری کے شیڈول کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ سٹاف کا ٹریننگ پروگرام بامقصد اور موثر ہونا چاہیئے تاکہ وہ فیلڈ میں فرائض کی عملی ادائیگی کے دوران کسی قسم کے ابہام یا الجھن کا شکار نہ ہوں۔انہوں نے زور دیا کہ مردم شماری کے حساس نوعیت کے اس ٹاسک میں دیانتداری اور غیرجانبدارانہ انداز میں کام کیا جائے تاکہ تمام اعداد و شمار مستند اور نقائص سے پاک ہوں۔

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مردم وخانہ شماری مہم کو مقررہ شیڈول کے اندر کامیابی سے مکمل کرنے کیلئے ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ کی طرف سے بھرپور انتظامی و محکمانہ معاونت کی جائے گی۔اس سلسلے میں ڈویژن کے چاروں اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامی امور کے بارے میں اگر کوئی رکاوٹ یا مسئلہ درپیش ہو تو فوری طور پر ان کے علم میں لائیں جبکہ عوامی آگاہی کیلئے بھی ضروری اقدامات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

اسسٹنٹ سینسس کمشنر ظہور احمد نے مردم وخانہ شماری کے شیڈول سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ سٹاف کی ٹریننگ 6 مارچ 2017 تک جاری رہیگی۔14 مارچ کو سٹاف میں متعلقہ سامان تقسیم کیا جائیگا اور 15 سے 17 مارچ تک خانہ شماری اور 18 مارچ سے مردم شماری کا آغاز ہوگا۔جو دس 10 روز جاری رہے گی اور گیارہویں روز خانہ بدوشوں اور بے گھر افراد کو شمار کیا جائیگا۔انہوں نے بتایا کہ مردم شماری کیلئے تحصیلوں کو چارج،سرکلز اور بلاکس میں تقسیم کرکے چارج سپرنٹنڈنٹس،سرکل سپروائزر اور شمار کنندگان کی ڈیوٹیز لگائی جائیں گی جبکہ اضافی سٹاف کو بھی ریزرو رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :