پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد

جمعہ 20 جنوری 2017 22:45

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) پاکستان نیوی کوسٹل کمانڈ کی ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب جمعہ کو پی این قاسم منوڑہ میں منعقد ہوئی۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق وائس چیف آف نیول اسٹاف وائس ایڈمرل خان ہشام بن صدیق تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ ایفیشنسی کمپٹیشن پریڈ اور ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ پاکستان کے میری ٹائم مفاد کے تحفظ خصوصاً سی پیک کے آغاز کو پیش نظر رکھتے ہوئے ایک مضبوط اور موثر بحری فوج از حد ضروری ہے۔

انہوں نے کوسٹل کمانڈ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف آپریشنل مشقوں میں شرکت اور کوسٹل بیلٹ کی نگرانی اور سول ملٹری تعلقات کی بہتری کے لئے کوسٹل کمانڈ کی کاوشوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

وائس چیف آف نیول اسٹاف نے کہا کہ ساحلی پٹی پر ہونے والی تبدیلیوں اور موجودہ صورتحال کے تناظر میں پاک میرینز کی صلاحیتوں میں اضافے اور بہتری کے لئے کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔

انہوں نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اسپیشل فورسز کا قیام اور ان کی کارکردگی پر توجہ مرکوز رکھنا بے حد ضروری ہے، اسی طرح درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جا سکتا ہے۔ وائس چیف آف نیول اسٹاف نے پاک میرینز اور اسپیشل فورسز کی جنگی استعداد بڑھانے پر بھی زور دیا۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ میں وائس ایڈمرل وسیم اکرم نے 2016ء کے دوران کوسٹل کمانڈ کی پیشہ ورانہ کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے حاضرین کو آگاہ کیا کہ مختلف آپریشنز میں حصہ لینے کے علاوہ پاک بحریہ کی کوسٹل کمانڈ نے ساحلی علاقوں میں مفت طبی کیمپ اور تعلیمی سہولیات فراہم کر کے سول ملٹری تعلقات کی بہتری کے لئے نمایاں کردار ادا کیا۔ بعد ازاں مہمان خصوصی نے 2016ء کے دوران بہترین کارکردگی دکھانے والی یونٹس میں ایفشنسی شیلڈز بھی تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :