ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا

کیپٹل ہل میں امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے حلف لیا وائٹ ہاؤس آمد پر براک اوباما اور مشیل اوباما نے ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ کا استقبال کیا میلانیا ٹرمپ نے مشیل اوباما کو تحفہ دیا

جمعہ 20 جنوری 2017 22:11

ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا
واشنگٹن ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) ارب پتی کاروباری شخصیت اور ری پبلکن سیاستدان ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کے 45ویں صدر کی حیثیت سے حلف اٹھا لیا ہے۔ حلف برداری سے پہلے ڈونلڈ ٹرمپ اپنی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے ساتھ سینٹ جانس ایپسکوپل چرچ گئے اور دعائیہ تقریب میں شرکت کی۔ چرچ سے نکلنے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ براک اوباما کے ساتھ کافی پینے کے لیے وائٹ ہاؤس روانہ ہوئے، وائٹ ہاؤس آمد پر براک اوباما اور مشیل اوباما نے منتخب صدر اور ملانیا ٹرمپ کا پرتپاک خیر مقدم کیا اور گروپ فوٹو بنوایا، اس موقع پر فوجی بینڈ نے سلامی دی، ڈونلڈ ٹرمپ اور اوباما نے ہاتھ ملایا جبکہ میلانیا ٹرمپ نے مشیل اوباما کو تحفہ دیا۔

کیپٹل ہل میں امریکی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جان رابرٹس نے ڈونلڈ ٹرمپ سے حلف لیا۔

(جاری ہے)

ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری میں سابق امریکی صدور جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن سمیت کئی عالمی رہنمائوں نے شرکت کی، تقریب میں صدارتی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی حریف امیدوار اور سابق وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن بھی شریک ہوئیں۔ تقریب حلف برداری کے موقع پر واشنگٹن ڈی سی میں سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے جبکہ اس موقع پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت اور مخالفت میں مظاہرے بھی ہوئے جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ ڈیموکریٹک پارٹی کی ہلیری کلنٹن کو شکست دے کر صدر منتخب ہوئے تھے۔