سپریم کورٹ میں پانامہ پیپرز کے حوالہ سے کیس کی سماعت پیر تک ملتوی

جمعہ 20 جنوری 2017 22:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) سپریم کورٹ نے پانامہ پیپرز کے حوالہ سے دائر درخواستوں کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔عدالت عظمیٰ کے جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں جسٹس اعجاز افضل خان، جسٹس گلزار احمد، جسٹس عظمت شیخ اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل پانچ رکنی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ جماعت اسلامی کے وکیل توفیق آصف نے جمعہ کو اپنے دلائل کا آغار کیا۔

(جاری ہے)

دوران سماعت انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کی پارلیمنٹ میں تقریر کیس میں ثبوت کے طور پر استعمال ہوسکتی ہے۔جسٹس اعجازافضل نے ان سے استفسارکیاکہ عدالت کوبتایاجائے کہ کیاکوئی ایساقانون یا ضابطہ موجود ہے جس کے تحت وزیر اعظم ا پنے عہدے کے ساتھ کاروبار نہیں کر سکتے۔ جماعت اسلامی کے وکیل نے کہا کہ ایسی کوئی قدغن نہیں ہے جس پر جسٹس شیخ عظمت سعید ان سے کہاکہ عدالت کے سامنے کوئی ثبوت پیش نہیں کئے گئے ہیں اور مفروضوں کی بنیاد پر فاضل وکیل کیس کو کہاںگھسیٹ رہے ہیں۔جماعت اسلامی کے وکیل کیدلائل جاری تھے کہ مزید سماعت پیر تک ملتوی کردی گئی۔