وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات

جمعہ 20 جنوری 2017 21:12

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے وزیراعلیٰ ہائوس میں ملاقات کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اس موقع پر کہا کہ ایف بی آر کی جانب سے صوبائی حکومت کے سیلز ٹیکس کے مد میں یک طرفہ کٹوتی نا انصافی ہے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق انہوں نے کہا کہ گذشتہ سال ایف بی آر نے سندھ حکومت کے سیلز ٹیکس کی ادائیگی سے صرف اندازے کی بنیاد پر 4 بلین روپے براہِ راست واپس لے لئے جب کہ اصل حقیقت یہ ہے کہ اعداد و شمار سندھ حکومت کے ا کائونٹ سے نکالنے سے قبل انہیں ری کنسائل کرنا چاہئے تھا ۔

انہوں نے کہا کہ اس سال دوبارہ ایف بی آر نے سندھ حکومت کے اکائونٹ سے 4 ملین روپے کی کٹوتی کی ہے ۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ایف بی آر نے سندھ حکومت کو اعتماد میں لئے بغیر اسٹیٹ بینک سے کہا کہ وہ سندھ حکومت کے اکائونٹ سے رقم نکال لے۔

(جاری ہے)

اسحاق ڈار نے وزیر اعلیٰ سندھ کو یقین دلایا کہ وہ ایف بی آر کو ہدایت کریں گے کہ وہ صوبائی سیکریٹری خزانہ کے ساتھ بیٹھ کر امائونٹ ری کنسائل کریں۔

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر نے اگر اصل رقم سے زیادہ پیسے نکلوائے ہیں تو وہ یہ اضافی رقم واپس کریں گے۔ ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ ایف بی آر اور سندھ حکومت کے مابین سہ ماہی اجلاس ہونے چاہئیں تاکہ سیلز ٹیکس کے اعداد و شمار ری کنسائل کئے جا سکیں اور رقم جاری کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن گاڑیوں کی رجسٹریشن پر سیلز ٹیکس جمع کرتا ہے۔