چین کے صوبہ منگولیا کے ثقافتی طائفہ کے فنکاروں کا پی این سی اے آڈیٹوریم میں فن کا مظاہرہ

ثقافتی شو میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبد الغفور حیدری اور مشاہد حسین سیّد کی بطور مہمان ِ خصوصی شرکت پاکستان اور چین کے تعلقات لازوال ہیں اور دونوں ممالک خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے مشترکہ جدو جہد کر رہے ہیں ، چینی سفیر

جمعہ 20 جنوری 2017 20:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) عوامی جمہوریہ چین کے صوبہ منگولیا کے ثقافتی طائفہ کے فنکاروں نے پی این سی اے کے آڈیٹوریم میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔ چینی نئے سال کے حوالے سے منعقدہ اس شو میں سینیٹ کے ڈپٹی چیئر مین مولانا عبد الغفور حیدری اور مشاہد حسین سیّد نے بطور مہمان ِ خصوصی شرکت کی۔ چینی سفیرسن وائی ڈانگ نے مہمانان کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات لازوال ہیں اور دونوں ممالک خطے میں امن اور خوشحالی کے لئے مشترکہ جدو جہد کر رہے ہیں چین میں 2017 مرغ کا سال ہے۔

مرع کو روشن تعبیر کہا جاتا ہے کیونکہ اس کے اذان کے ساتھ سورج کا طلوع ہوتا ہے۔ آج کا ثقافتی طائفہ ، اپنے علاقہ کا مقامی رنگ پیش کریگا۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی مولانا عبد الغفور حیدرری نے چینی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ چین اور پاکستان کی دوستی لازوال ہے ۔ دونوں ملک ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کر رہے ہیں۔ سی پیک کے پروجیکٹ سے دونوں ممالک کے مابین موجود تعلقات مزید مضبوط ہوگئے ہیں۔

جسے دُنیا رشک کی نگاہ سے دیکھ رہی ہے۔ پاکستانی قوم چین کے نئے سال کی خوشیوں میں برابرکی شریک ہے۔ اور امید کرتی ہے کہ یہ سال علاقہ میں ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہو گا۔ پروگرام میں صوبہ منگولیا کے فنکاروں نے اپنی علاقائی موسیقی پیش کی۔ تقریب کا آغاز منگولیا کے روایتی رقص سے کیا گیا۔ رومنگ ہارس کی آواز جسے یونیسکو نے اینسمبل کلچرل ہیریٹیج آف دی ہیومینٹی قرار دیا ہے، شو کا حصہ تھا۔

چینی اکروبیٹک کے لئے پوری دنیا میں مشہور ہیں۔ منگولین فنکاروں نے مختلف کرتب اور بیلسنگ کے مظاہرے پیش کئے اور شائقین سے داد وصول کی۔ چینی فنکاروں نے بانسری اور دیگر سازوں پر علاقائی دھنیں پیش کیں۔ نیشنل پرفارمنگ آرٹس گروپ کے فنکاروں نے "پاکستان بنانا ہی" پر خوبصورت رقص پیش کیا۔ پاکستانی سازندوںنے بھی پروگرام میں اپنے فن کا مظاہرہ کیا جسے شائقین نے بے حد پسند کیا۔