وزیر اعلی کی لنکن کارنر میں موجود بچوں و بچیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو

میرٹ پر پورا اتریں گے تو آپ کو لیپ ٹاپ بھی ملیں گے :شہباز شریف وزیر اعلی نے ہائیڈ پارک اور لنکن کارنر کا دلچسپ انداز میں موازنہ کیا

جمعہ 20 جنوری 2017 20:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) جنوری :وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں افتتاح کے بعد لنکن کارنر کا دورہ کیا اوروہاں پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا- وزیر اعلی نے لنکن کارنر میں موجود بچوں و بچیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی-وزیر اعلی بچوں کے ساتھ ان کی نشست پر بیٹھ گئے اور ان سے خوشگوار انداز میں سوال کئے اور انہیں تلقین کی کہ آپ تعلیم پر پوری توجہ دیں اور محنت کے ساتھ تعلیمی میدان میں کامیابیاں حاصل کریں - اگر آپ میرٹ پر پورا اتریں گے تو پنجاب حکومت آپ کو لیپ ٹاپ دے گی جس سے آپ کی جدید علوم تک آسانی کے ساتھ رسائی ممکن ہو گی- لنکن کارنر میںموجود بچو ںنے وزیر اعلی شہباز شریف کی موجود گی پر خوشی کا اظہار کیا اور انہیں یقین دلایا کہ وہ علم کے حصول میں محنت کو اپنا شعار بنائیں گے -وزیر اعلی نے لنکن کارنر میں بچوں کیلئے بنائے گئے خصوصی کارنر میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا- وزیر اعلی نے اپنی تقریر میں برطانیہ کے ہائیڈ پارک اور ارفع سافٹ ویئرٹیکنالوجی پارک میں قائم لنکن کارنر کے حوالے سے دلچسپ انداز میں گفتگو کی اور کہا کہ ہائیڈ پارک ایک کھلی جگہ ہے جہاں پرکھل کر اونچی آواز میں تقریریں کی جا سکتی ہیں لیکن لنکن کارنر ایک مختلف جگہ ہے یہاں پر تقریریں تو نہیں ہو سکتیں لیکن خاموشی کے ساتھ جدید علوم اور معلومات تک رسائی ممکن ہے -