وزیراعلیٰ نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں لاہور میں پہلے لنکن کارنر(Lincoln Corner)کا افتتاح کر دیا

لنکن کارنر میں مہیا کی جانے والی جدید سہولتوں کی بدولت نوجوان اپنے آپ کو مزید با اختیار بنائیں گی:شہباز شریف پاکستانی اور امریکی طلبہ میں رابطے بڑھیں گے، ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی ، معلومات تک رسائی آسان ہو گی پاکستان نئے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کیساتھ قریبی روابط رکھتے ہوئے کام کرنے کا خواہاں ہے ،امید ہے تعلقات مزید فروغ پائیں گے وزیراعلی کا افتتاح کے بعد لنکن کارنر کا دورہ، فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا ،بچوں و بچیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی

جمعہ 20 جنوری 2017 20:27

وزیراعلیٰ نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں لاہور میں پہلے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں لاہورمیں امریکہ کے قونصلیٹ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی حکومت پنجاب کے اشتراک سے بننے والے پہلے لنکن کارنر(Lincoln Corner)کا آج افتتاح کیا- وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے لنکن کارنر کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی میں لنکن کارنر کا قیام انتہائی خوش آئند اقدام ہے جس سے طلباء و طالبات کو امریکی طلبہ کی سرگرمیاں اور انگریزی زبان سیکھنے کے مواقع میسر ہوں گی- لنکن کارنرسے پاکستانی اور امریکی طلباء و طالبات میں رابطے بڑھیں گے اور ایک دوسرے کے کلچر کو سمجھنے میں مدد ملے گی- انہوںنے کہا کہ لنکن کارنر میں انٹرنیٹ، کتابوں ، میگزین اور ویڈیوز کی مفت سہولت فراہم کی گئی ہے جس سے نوجوان فائدہ اٹھائیں گے اور مختلف معلومات تک ان کی رسائی آسان ہو گی اوربلا شبہ لنکن کارنر میں مہیا کی جانے والی جدید سہولتوں کی بدولت نوجوان اپنے آپ کو مزید با اختیار بنائیں گے کیونکہ لنکن کارنر میں متعدد سہولتیں دی گئی ہیں -اس سے آپس میں ڈائیلاگ میں اضافہ ہو گااور خیالات کے تبادلوں سے نئی سوچ جنم لے گی -انہوںنے کہا کہ لنکن کارنر میں امریکی ڈیٹا بیس اور ای لائبریری کی سہولت بھی میسر ہے اور پاکستان کے مختلف شہروںمیں ایسے 19 سنٹرز قائم کئے گئے ہیں جس سے پاکستانی طلباء کو لیپ ٹاپ کے ذریعے جدید ٹیکنالوجی سے آگاہی مل رہی ہے اور پاکستانی طلباء و طالبات کی انجینئرنگ میں مہارت اورمختلف شعبوں میں استعداد کار بڑھانے میں مدد مل رہی ہی- انہوںنے کہا کہ آج امریکہ کیلئے ایک تاریخی دن ہے جب نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ اپنے عہدے کا حلف اٹھا رہے ہیں- نئے امریکی صدر نے کئی مواقع پر کہا ہے کہ ان کے دور میںاقوام عالم کے درمیان باہمی روابط میں اضافہ ہو گااور امریکہ کے عوام کیلئے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گی- وزیر اعلی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان کثیرالجہت تعلقات موجود ہیں اور ہم امریکہ کے ساتھ دوستی اور معاشی تعلقات کو بڑی اہمیت دیتے ہیں اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں -پاکستان امریکہ کے نئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ قریبی روابط رکھتے ہوئے کام کرنے کا خواہاں ہے اور آنے والے وقت میں دونوں ملکوں کے مابین تعلقات مزید فروغ پائیں گے - وزیر اعلی نے لاہور میں پہلے لنکن کارنر کے افتتاح پر امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو اور انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر عمر سیف کو مبارکباد دی اور کہا کہ لنکن کارنر کا قیام ایک قابل تعریف اقدام ہے - وزیراعلی نے افتتاح کے بعد لنکن کارنر کا دورہ کیا اوروہاں پر فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا- وزیر اعلی نے لنکن کارنر میں موجود بچوں و بچیوں سے خوشگوار انداز میں گفتگو کی- اس موقع پر وزیر اعلی لنکن کارنر میں ڈیجیٹل لائبریری ، کتابوں ، میگزین اوردیگر سہولتوں کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی-امریکی قونصل جنرل یوری فیڈ کیو(Mr. Yuriy Fedkiw)نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لنکن کارنر کے ذریعے پاکستان کے نوجوان امریکہ کے بارے معلومات حاصل کر سکیں گے اور انگریزی زبان سیکھیں گے جس سے ایک دوسرے کی اقدار کو سمجھنے میں مدد ملے گی- انہوںنے کہا کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلیم ، ٹیکنالوجی کے فروغ اور دیگر شعبوں میں اشتراک بڑھانا چاہتا ہے - وائس چانسلر انفارمیشن ٹیکنالوجی یونیورسٹی ڈاکٹر عمر سیف نے بھی تقریب سے خطاب کیا- اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سید علی رضا گیلانی ، چیئرمین ہائرایجوکیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین ، پنجاب کے اعلی حکام ، ماہرین انفارمیشن ٹیکنالوجی اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی-