بلوچستان میں آئندہ دو روز میں مختلف اضلاع میں مزید بارش اور برفباری کی پیشنگوئی

وزیراعلیٰ نواب ثناء اللہ زہری نے پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو مزید مستعد اور فعال رہنے کی ہدایت کردی

جمعہ 20 جنوری 2017 20:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے محکمہ موسمیات کی جانب سے آئندہ دور روز میں صوبے کے مختلف اضلاع میں بارش اور برف باری کی پیشن گوئی کے پیش نظر پی ڈی ایم اے اور متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ کو مزید مستعد اور فعال رہنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ کی جانب سے متعلقہ محکموں کو کسی بھی قسم کی غیرمعمولی اور ہنگامی صورتحال سے مؤثر طور پر نمٹنے،عوام کی جان ومال کے تحفظ اور شاہراہوں کو بحال رکھنے کے لئے تمام تیاریاں مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ نے بالخصوص قلات ، مستونگ شہید سکندرآباد، لک پاس، بولان پاس، کوژک پاس، کان مہترزئی، زیارت اور ہرنائی میں لیویز اور پی ڈی ایم اے کے عملہ کی تعیناتی، بھاری مشینری، امدادی اشیاء، خوراک اور پانی وغیرہ کی دستیابی یقینی بنانے، پی ڈی ایم اے، محکمہ داخلہ اور ڈپٹی کمشنروں کے دفاتر میں کنٹرول روم24گھنٹے کھلے رکھنے اور غیرمعمولی صورتحال سے نمٹنے کے لئے عوام کو رہنمائی کی فراہمی کی ہدایت بھی کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ بارش اور برف باری کے دوران اپنے علاقوں اور گھروں میں رہیں اور غیرضروری سفر سے گریز کریں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے گذشتہ برف باری کے متاثرین کی امداد وبحالی کی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی کو سراہاہے۔