سیاست کو معیشت سے الگ رکھا جائے، معاشی معاملات پر سیاست سے پرہیز کیا جائے، وفاقی حکومت نے کراچی سرکل ریلوے کے منصوبے کو سی پیک میں شامل کر کے اہلیان کراچی کا خواب پورا کیا ہی ، کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے مشکل فیصلے کئے ،وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا ایف پی سی سی آئی سے خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 19:56

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ موجودہ حالات اس امر کے متقاضی ہیں کہ سیاست اور معیشت کو الگ رکھا جائے اور معاشی معاملات پر سیاست کرنے سے پرہیز کیا جائے، فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری سے جمعہ کو خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کچھ سیاستدان سیاسی مقاصد کے لئے ترقیاتی منصوبوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ سیاست کو معاشی معاملات اور ملکی ترقی سے الگ رکھیں۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر ملکی قرضوں کے حوالے سے غلط اعداد وشمار پیش کر رہے ہیں۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ بہت جلد ملک کے مالی معاملات، معاشی صورتحال اور قرضوں کے حوالے سے حقائق پر مبنی تفصیلی آرٹیکل لکھ رہے ہیں جو اسی ہفتے مکمل ہوجائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ درست صورتحال کو سمجھنے کے لئے اس آرٹیکل کو ضرور پڑھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی سرکل ریلوے کے منصوبے کو سی پیک میں شامل کر کے اہلیان کراچی کا خواب پورا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لئے وفاقی حکومت نے مشکل فیصلے کئے اور آج صورتحال میں واضح بہتری آچکی ہے۔ اس موقع پر ایف پی سی سی آئی کے صدر زبیر طفیل نے کہا کہ معیشت خوشحالی کی جانب گامزن ہے، پالیسی ریٹ گذشتہ 40 سال کی کم ترین سطح پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اندرونی قرضے ہدف سے زیادہ ہیں وزیر خزانہ اس پر توجہ دیں، برآمدات میں کمی عالمی کساد بازاری کی وجہ سے ہے، 180 ارب روپے کے ایکسپورٹ پیکیج سے پیداواری لاگت میں کمی آئے گی۔