لاہور ، گھریلو ملازمہ کا ہاتھ جلانے کا معاملہ ،سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس پر پولیس نے ایک ماہ بعدملزمہ کے خلاف مقدمہ درج کر کے جیل بھجوا دیا

جمعہ 20 جنوری 2017 19:31

ْلاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 20 جنوری2017ء) لاہور کے علاقہ ڈیفنس بی کے علاقے میں گھریلو ملازمہ کا ہاتھ جلانے کا معاملہ ‘سپریم کورٹ کے ازخود نوٹس لینے پر پولیس نے 1 ماہ بعد ڈیفنس کی رہائشی ماہ نور عرف مانیا کے خلاف مقدمہ درج کر کے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھی بھجوا دیا۔ڈیفنس بی کے علاقے فیز فائیو کی رہائشی خاتون ماہ نور عرف مانیا نے ایک ماہ قبل نومولود بچے کی مناسب دیکھ بھال نہ کرنے پر کمسن گھریلو ملازمہ عابدہ کے دونوں ہاتھ جلا دئیے تھے۔

(جاری ہے)

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کمسن ملازمہ کا میڈیکل بھی کروا یا مگر کوئی کارروائی نہیں کی بلکہ پولیس نے دونوں فریقین کے مابین چند روز قبل ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض مصالحت بھی کروا دی تھی مگر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس لینے کے بعد پولیس نے خاتون ماہ نور عرف مانیا کے خلاف ایک ماہ بعد مقدمہ درج کر لیا اور چوبیس گھنٹوں کے دوران خاتون ملزمہ کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھی بھجوا دیا ہے ذرائع کے مطابق ماہ نور ریلوے پولیس کے افسر کی قریبی عزیزہ بتائی جاتی ہیں۔