بی آئی ایس پی کی نئی ویب سائٹ پروگرام کے مختلف اقدامات پر معلومات فراہم کرے گی، ہم ’’معلومات سے آگاہی کے حق‘‘ پر یقین رکھتے ہیں ، عوامی جانچ پڑتال اور قیمتی رائے کیلئے ویب سائٹ پر ہر چیز کی مکمل تفصیل موجود ہے

چیئرپرسن بی آئی ایس پی ماروی میمن کا بی آئی ایس پی کی نئی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعہ 20 جنوری 2017 19:28

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جنوری2017ء) وزیر مملکت و چیئرپرسن بی آئی ایس پی، ایم این اے ماروی میمن نے کہا ہے کہ نئی ویب سائٹ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف اقدامات پر معلومات فراہم کرے گی جس کے نتیجہ میں پروگرام کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد ملے گی۔ ہم ’’معلومات سے آگاہی کے حق‘‘ پر یقین رکھتے ہیں کیونکہ عوامی جانچ پڑتال اور قیمتی رائے کیلئے ویب سائٹ پر ہر چیز کی مکمل تفصیل موجود ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بی آئی ایس پی کی نئی ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب کے دوران کیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی عرفان صدیقی نے بطور مہمان خصوصی نئی ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے معاشرے کے کمزور طبقات کو اپنی خدمات فراہم کرنے اور شفافیت کے اعلیٰ معیار کو برقرار رکھنے پر بی آئی ایس پی کی تعریف کی اور بی آئی ایس پی کے عملے کو بتایا کہ ان کے ادارے کی کارکردگی کی تعریف اعلی حکومتی سطحوں پرکی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بی آئی ایس پی کی تمام Impact Evaluation Reports کی آن لائن دستیابی پر بی آئی ایس پی کو سراہا اور کہا کہ اضافی خصوصیات پر مبنی نئی ویب سائٹ عام عوام کیلئے آن لائن مواد سے استفادہ کرنے اور ان کی قیمتی رائے دینے کے حوالہ سے مددگار ثابت ہو گی۔ دوبارہ سے ڈیزائن کی گئی ویب سائٹ کیش ٹرانسفر، قومی سماجی و اقتصادی رجسٹری، وسیلہ تعلیم اور ای کامرس سے متعلق ضروری معلومات تک رسائی کو تیز اور آسان بناتی ہے۔

یہ نئی اضافی خصوصیات بی آئی ایس پی کی جامع تفہیم کو یقینی بناتے ہیں۔ نئی ویب سائٹ کے اضافی مواد نے کام کو بہتر بنایا ہے اور یہ ویب سائٹ جمالیاتی اعتبار سے خوبصورت اور صارف دوست ہے۔ ڈیٹا بیس تک رسائی اس ویب سائٹ کو مزید معلوماتی بناتی ہے۔ ویب سائٹ کو خاص طور پر موبائل فون پر استعمال کرنے اور گوگل میپس سے منسلک کرنے کیلئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔

نئی ویب سائٹ ایڈریس www.bisp.gov.pkکیساتھ آج سے ملاحظہ کی جاسکتی ہے۔ عوام کی ویب سائٹ کا بغور مطالعہ کرنے کیلئے حوصلہ افزائی کی جاتی ہے اور ان کیلئے بی آئی ایس پی میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہی حاصل کرنے کیلئے سائن اپ کی سہولت موجود ہے۔ وسیلہ تعلیم کے تحت پرائمری سکولوں میں اندراج شدہ 13 لاکھ سے زائد بچوں کی حاضری کی مسلسل مانیٹرنگ کیلئے ویب سائٹ کو بی آئی ایس پی اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے ڈیزائن کی گئی ہائی۔

ٹیک ایپ سے منسلک بھی کیا گیا ہے۔ اس ایپ کے ساتھ جی پی ایس ٹیکنالوجی بھی ہے جو حاضری کے اسٹیٹس کو آن لائن اپ ڈیٹ کرے گی تاکہ حاضری کو بی آئی ایس پی کیلئے آسان اور شفاف بنایا جاسکے۔ بعد ازاں چیئرپرسن بی آئی ایس پی نے کم ترقی یافتہ علاقوں کے مسائل پر سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس کے دوران انہوں نے کہا کہ دور دراز علاقوں میں بی آئی ایس پی کے اقدمات کے حوالے سے خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں بذات خودبلوچستان اور فاٹا میں نئے سروے کیلئے این ایس ای آر اپڈیٹ کی نگرانی کر رہی ہوں کیونکہ سابقہ حکومت کی جانب سے کرائے گئے 2010-11ء کے سروے میں ان علاقوں کو نظر انداز کیا گیا تھا۔ مزید برآں ان علاقوں میں وہ خود وسیلہ تعلیم کی کارکردگی اور مستحقین میں رقوم کی ادائیگی کا معائنہ کر رہی ہیں۔ سینیٹ کی فنکشنل کمیٹی کے چیئرمین اور ممبران نے ان کی سابقہ تجاویز پر ذاتی توجہ دینے پر چیئرپرسن بی آئی ایس پی کی تعریف کی اور کہا کہ اس کمیٹی کو پیش کی جانے والی بی آئی ایس پی کی بریفنگز کسی بھی دوسری وزارت سے بہتر ہیں۔

متعلقہ عنوان :