ْ قومی مردم شماری میں خیبر پختونخوا کے ساتھ ممکنہ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے،سکندر شیرپائو

دوسرے صوبوں کی طرح یکساں طور پر ہمارے ہاں بھی انصاف پر مبنی مردم شماری ،خانہ شماری کی جائے بصورت دیگر قومی وطن پارٹی وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کریگی،سینئروزیرخیبرپختونخوا

جمعہ 20 جنوری 2017 19:28

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے آبپاشی و سماجی بہبود سکندر حیات خان شیر پائو نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ قومی مردم شماری میں خیبر پختونخوا کے ساتھ ممکنہ زیادتیوں کا نوٹس لیا جائے اور دوسرے صوبوں کی طرح یکساں طور پر ہمارے ہاں بھی انصاف پر مبنی مردم شماری اور خانہ شماری کی جائے بصورت دیگر قومی وطن پارٹی وفاقی حکومت کے خلاف احتجاج کرے گی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈانگ قلعہ تنگی ضلع چارسدہ میں ایک بڑے شمولیتی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں سے یو سی ناظم حاجی اللہ داد ، آصف خان ، حاجی فضل حمید ، نادر خان ، گل سیار اور عبد الرحمان نے اپنے سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پاارٹی میں شمولیت اختیار کی۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر نے کہا کہ مردم شماری میں پنجاب کی گنتی لاہور میں اورسندہ کی گنتی کراچی میں کی جائے گی جبکہ خیبر پختونخوا کی گنتی کو ایک سازش کے تحت اسلام آباد منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا گیا ہے جس پر ان کی پارٹی کے شدید تحفظات ہیں ۔

جس میں خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ ناانصافیوں کاخدشہ ہے ۔انہوںنے کہا کہ ماضی میں بھی پختونخوا کے ساتھ زیادتیاں ہوئی ہیں اور حق تلفیاں کرکے ہمارے وسائل غصب کئے گئے ہیں لیکن اس دفعہ ایسی زیادتیاں نہیں ہونے دیں گے۔ صوبائی وزیرآبپاشی نے علاقے میں مختلف دیہات کے لئے پانچ سڑکوں کی منظوری دی جس پر سولہ کروڑ روپے لاگت آئے گی جبکہ چارکروڑ کی لاگت سے مذکورہ علاقے کو دوسرے یونین کونسلوں سے ملانے کے لئے تین سڑکوں اور مختلف پلوں کی تعمیر کابھی اعلان کیا۔

صوبائی وزیر نے علاقے میں بجلی کے بارہ ٹرانسفارمروں کی تنصیب اور ٹرانسمیشن لائن کابھی اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ ضلع چارسدہ میںگیس کی ترسیل کے لئے ساٹھ کروڑ روپے محکمے کو جمع کئے گئے ہیں جس پر بہت جلد کام شروع کیاجائے گا جبکہ محکمہ ایریگیشن کی طرف سے مختلف منصوبوں پر تین ارب روپے خرچ کئے جارہے ہیں جبکہ شبقدر کے علاقے میں تین ارب روپے کی لاگت سی2 ۔ سمال ڈیمز تعمیر کئے جارہے ہیں جس سے پانچ ہزار ایکڑ بنجز زمین سیراب ہوگی ۔انہوںنے کہا کہ ضلع چارسدہ میں ریسکیو1122 کا بہت جلد آغاز کیاجارہا ہے جس سے عوام کو ایمرجنسی میں فوری مدد حاصل ہوگی۔