کراچی،لانڈھی فیوچر موڑاور قائد آباد کے مختلف علاقوں میں کالعدم جماعت کی جانب سے وال چاکنگ پر قانون نافذ کرنیوالے ادارے حرکت میں آگئے

ٹارگٹڈ آپریشن کرکے کالعدم جماعت کی3اہم کارندوں سمیت8افرادکوگرفتار پوچھ گچھ کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا، پانی کے ٹینک سے جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں بھی برآمد

جمعہ 20 جنوری 2017 19:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جنوری2017ء) کالعدم جماعتوں کے حق میں وال چاکنگ کے بعد جمعہ کی صبح سویرے لانڈھی فیوچر موڑ قائدآباد میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ٹارگیٹڈ آپریشن کرکے کالعدم جماعت کی3اہم کارندوں سمیت8افرادکوگرفتارکرلیاہے جبکہ خالی مکان کے ٹینک سے جدید اسلحہ برآمد ہواہے۔تفصیلات کے مطابق لانڈھی فیوچر موڑ اور قائدآباد کے مختلف علاقوں میں کالعدم جماعت کے اہم کمانڈروں قادر لمبا، کلو ملا اور شریف بارودی کے کارندوں نے کالعدم جماعتوں کے حق میں وال چاکنگ کردی جس کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے حرکت میں آگئے۔

جمعہ کی صبح قانون نافذ کرنے والے اداروں نے لانڈھی فیوچر موڑ اور قائدآباد کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ آپریشن کرتے ہوئے داخلی اور خارجی راستوں کو گاڑیاں اور رکاوٹیں لگاکر سیل کردیا اور داخلی اور خارجی راستوں پر اہلکار تعینات کردیے جس کے بعد کسی بھی شخص کو علاقے سے باہر یا اندر جانے کی اجازت نہیں تھی۔

(جاری ہے)

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آپریشن شروع کرتے ہوئے جرائم پیشہ افراد کے ٹھکانوں اور گھروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے کالعدم جماعت کی3اہم کارندوں سمیت8افراد کو حراست میں لے کر تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا۔

ذرائع نے بتایا کہ آپریشن میں تلاشی کے دوران پانی کے ٹینک سے جدید اسلحہ اور سینکڑوں گولیاں برآمد ہوئی ہیں اور زیر حراست افراد کا تعلق کالعدم جماعت کے اہم کمانڈروں قادر لمبا کلو ملا اور شریف سے بتایا جاتا ہے۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پانی کے ٹینک سے ملنے والا اسلحہ بھی کالعدم جماعت کے کمانڈروں نے چھپایا ہوا تھا اور کئی وارداتوں میں بھی مذکورہ اسلحہ استعمال ہونے کا خدشہ ہے مذکورہ اسلحہ کو فارنسک لیب بھجوا دیا گیا جس کی رپورٹ آنے کے بعد ہی معلوم ہوسکے گا کہ اسلحہ کس کس واردات میں استعمال ہوا ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ کالعدم جماعت کے کمانڈر قادر ملا اور شریف نے آپس میں علاقے بانٹے ہوئے ہیں اور تینوں افراداس آپریشن سے قبل بھی کالعدم تنظیموں کا نیٹ ورک چلا رہے تھے جو رینجرز کا آپریشن شروع ہوتے ہی فرار ہوگئے تھے اور نامعلوم مقام پر روپوش ہوگئے تھے بعد ازاں ایک بار پھر منظر عام پر آگئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تمام وال چاکنگ کو مٹا دیا ہے۔ دوسری جانب رائو انوار ایس ایس پی ملیر نے کہا کہ جو بھی ملک دشمن ہوگا اس کو کسی بھی صورت نہیں چھوڑونگا اور ملیر ضلع میں دہشت گردوں بھتہ خوروں اور جرائم پیشہ افراد کا مکمل خاتمہ کیا جائے گا۔ ایس ایس پی رائو انوار نے کہا کہ کالعدم جماعتوں کے خلاف بہت کام کیا ہے اور آگے بھی کرتے رہیںگے۔

متعلقہ عنوان :